سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے وادی میں شیر خوار بچوں کی ماؤں اور عام شہریوں کوایک منصوبہ بند سازش کے تحت ہلاک کرنے اور معصوم بچوں کو پیلٹ گنوں سے نشانہ بناکر انہیں عمر بھر کے لئے بینائی سے محروم کرنے اور توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کا بازار گرم کرنے کے خلاف آج جمعہ کوبعد از نمازجموں کشمیر کے تمام خطوں میں منظم، پُرامن اور باوقار احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کی ماؤں کو نشانہ بنانا درندگی کی انتہا ہے اور یہ صورت حال کسی بھی انسانی دل رکھنے والے شخص کے لیے قابل برداشت نہیں ہوسکتی ہے۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور انسان دوستوں تنظیموں سے بھی اپیل کی وہ ان انسانیت سوز اور وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کرکے مظلوم قوم کے تئیں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ قائدین نے جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال کو انتہائی گھمبیر اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں منصوبہ بند طریقے پر ہمارے نوجوانوں، بچوں اور یہاں تک کہ خواتین کو اپنی درندگی کا نشانہ بناکر انہیں قتل کررہا ہے۔حالیہ ایام میں دو معصوم نوجوانوں کی بہیمانہ ہلاکت پر آزادی پسند قیادت نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں بالخصوص یو این ہیومن رائٹس کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ایشیا واچ کوسنجیدہ نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے نوجوانوں کو قتل کرکے اور معصوم بچوں کو یتیم بنائے جانے کی ان بہیمانہ کاروائیوں کے خلاف انہیں اپنی آواز بلند کرکے اس سلسلے کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ انہوں نے جموں ،وادی چناب ،ڈوڈہ ،بھدرواہ ،کشتواڑ کے عوام کو اس احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل کی اور ائمہ مساجد سے بھی تاکید کی کہ وہ اس حیوانیت اور درندگی کے خلاف اپنی آواز بلند کرکے اس کی مذمت کریں اور بعد نماز جمعہ اس طوفانِ بدتمیزی کے خلاف مجوزہ احتجاج کی قیادت کریں۔
۔7پولیس تھانوں میں بندشیں
بلال فرقانی
سرینگر //مزاحمتی قیادت کی جانب سے آج نماز جمعہ کے بعد احتجاج کرنے کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے شہر سرینگر میں 7پولیس تھانوں کے حدود کے اندر بندشیں عائد رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انتظامیہ کے فیصلے کے مطابق نوہٹہ، خانیار، صفا کدل، مہاراج گنج اور رعناواری پولیس تھانوں کے حدود میں بندشوں کی نوعیت قدرے سخت ہوگی جبکہ پولیس سٹیشن مائسمہ اور کرالہ کھڈ کے علاقوں میں جزوی بندشیں عائد رہیں گی۔