شہریوں کی قیمتی تجاویز کا پروگرام|| ’عوام کی آواز‘ کے3سال مکمل مختلف شعبوں میں پالیسی سازی میں مدد کی: ایل جی

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہانے’’ عوام کی آواز‘‘ پروگرام کے تین برس مکمل ہونے پر اتوارکی قسط کو جموںوکشمیر کے شہریوں کوجموںوکشمیر کی ترقی میں ان کے گراں قدر تعاون اور عزم کے لئے وقف کیا۔لیفٹیننٹ گورنر کہا کہ’’ عوام کی آواز‘‘ پروگرام کو کل 3برس مکمل ہو گئے ہیں۔ شہریوں کی قیمتی تجاویز نے مختلف شعبوں میں پالیسی سازی میں مدد کی۔ اس پروگرام نے نچلی سطح پر جن بھاگیداری کو بھی مضبوط کیا ہے اور لوگوں کو ملک ملک کی تعمیر کے عمل میں سرگرمی سے حصہ لینے کی ترغیب دی ہے۔اُنہوں نے جموںوکشمیر کے لوگوں کو پارلیمانی اِنتخابات میں زبردست حصہ لینے پر مُبارک باد دی۔ اُنہوں نے کہا کہ حالیہ پارلیمانی اِنتخابات میں ریکارڈ رائے دہندگان کا ٹرن آؤٹ جمہوریت اور آئین پر لوگوں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔منوج سِنہانے رِیاسی میں ’’دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے شہریوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور اَپنے پیاروں کو کھونے والے کنبوں کے ساتھ دلی اِظہارِ تعزیت کی‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’میں لوگوں کو یقین دِلاتا ہوں کہ اِس حملے کے پیچھے جو لوگ ہیں اُنہیں ان کے وحشیانہ اور گھناؤنے فعل کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

 

میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ متحد رہیں اور دہشت گردی کے ماحول کو مکمل طور پر بے اثر کرنے کے لئے ہماری پولیس فورس اور سیکورٹی ایجنسیوں کو معلومات فراہم کریں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اِس ماہ کی قسط میں جموں کے ترون شرما اور سنینا ابرول اور کشمیر کے تعلق رکھنے والے شبیر احمد ڈار جیسے شہریوں کی یوگا کو مقبول بنانے اور اسے جن ۔آندولن میں تبدیل کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ 21 ؍جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات کے لئے سٹیج تیار ہے۔ یوگا صحت اور تندرستی کے لئے بے حد مفید اور فائدہ مند ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ َاب نظم و نسق یوگا کا منتر ہے جو دماغ اور جسم کے درمیان ٹھیک توازن رکھنے پر زور دیتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے بڈگام کی نسیمہ بانو کی طرف سے دودھ پتھری میں ’زیرو ویسٹ‘فوڈ سٹال کی مثالی کاوشوں کا اشتراک کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ منفرد اقدام نہ صرف مقامی لوگوں اور سیاحوں کو ہمارے قدرتی اور ثقافتی ورثے کے بارے میں آگاہ کر رہاہے بلکہ دیگر فوڈ انٹرپرینیوروں کو بھی دیرپا سیاحتی طریقوں کو اَپنانے کی ترغیب دے رہا ہے۔اُنہوں نے گلیشیئر۔ گلیشیئر لیک ۔ کلائمیٹ ریلیشن شپ ریسرچ شعبے میں گلیشیل سائنسدان الفت مجید کی خدمات کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے میں ایک ٹریل بلزر کے طور پر اُبھری ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے گاندربل کے ملک شگفتہ نبی کو مصیبت زدہ خواتین کی مدد کرنے ، اُن کی زندگیوں میں امیُد پیدا کرنے اور دوسروں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے سراہا۔اُنہوں نے اودھمپور کی ریتا دیوی، کٹھوعہ کی تریپا دیوی اور رام بن سے نینا گپتا کی زندگی کے سفرکا اشتراک کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی حاصل کرنے والی خواتین دیہی علاقوں میں خواتین کاروباریوں کے لئے تحریک کا ذریعہ ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کی خاتون بائیکر پریتی اور جموں سے تعلق رکھنے والی آئی ٹی ایکسپرٹ دیویا واسو شرما کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔اُنہوں نے کہا کہ پریتی مسلح اَفواج میں شاندار کیریئر کے لئے نوجوان بیٹیوں کو تعلیم اور بااِختیار بنانے کے مشن پر ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دیویا واسو شرما باقاعدگی سے سائبر خطرے کے بارے میں عوام کو جانکاری دیتے ہیں ، زیادہ سے زیادہ بھلائی کے لئے ٹیکنالوجی کے دانشمندانہ اِستعمال کے بارے میں بتاتے ہیں اور لوگوں کو مسلسل بدلتے ہوئے ٹیکنالوجی کے بارے میں رہنمائی کرتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے پلوامہ کے واٹر واریئر کے طور پر جانے والے روحیل مقبول شیخ اور جموں کی ریتو سلاتھیہ کا بھی ذکر کیا جو جموں و کشمیر کی گیمنگ اِنڈسٹری کی برانڈ ایمبیسڈر کے طور پر اُبھرے ہیں۔اُنہوں نے مجالٹا کے راجندر سنگھ اور بارہمولہ کے منظور احمد کی سوچھ ابھیان ، دیہی صحت اور ویسٹ مینجمنٹ کے بارے میں تجاویز کا اِشتراک کیا۔لیفٹیننٹ گورنرنے اننت ناگ کی تبسم زہرہ سے لڑکیوں کی تعلیم کے بارے میں حاصل ہونے والی قیمتی معلومات کو بھی اُجاگر کیا۔ راجوری کے احمد ٹھوکر اور جموں کے منیش بڈیال نے پانی کے تحفظ کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی طرف سے ضروری کارروائی کا یقین دِلایا۔