سرینگر//ثقافتی ورثے کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور اطلاعات چودھری ذوالفقار علی نے آج کہا کہ ثقافتی ورثے کا تحفظ ہر شہری کی شناخت کیلئے کافی اہمیت رکھتا ہے ۔ وزیر نے اس کا اظہار محکمہ خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے ڈائریکٹوریٹ کے ہیری ٹیکج کمپلیکس عمارت واقع شہید گنج سرینگر کے تجدید و تحفظ کا کام شروع کرنے کے بعد کیا ۔ اس موقعہ پر محکمہ کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ثقافتی ورثہ سماج کے غیر محسوس خاصا اور طبعی نوادرات کی وراثت ہے جو گذشتہ نسلوں سے وراثت میں ملی ہو، موجودہ نسل نے آنے والی نسلوں کیلئے اس کی دیکھ ریکھ کی ہو ۔ انہوں نے ثقافتی ورثے کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسلیں اپنی ثقافت کو محفوظ رکھنے والوں کی ہی عزت و توقیر کرتے ہیں ۔ چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے طریقہ کار میں تبدیلی لانا لازمی ہے اور محکمہ کی ڈائریکٹوریٹ عمارت کی تعمیر و تجدید کر کے اسے ہیری ٹیج کمپلیکس میں تبدیل کرنے سے دوسروں کیلئے ایک مثال قایم ہوئی ہے ۔ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو ریاست کے ورثے کے تحفظ میں حکومت کو تعاون دینے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے کوشاں رہنا صرف دانشوروں تک محدود نہیں رکھا جانا چاہئیے بلکہ ہر ایک بشمول کم پڑھے لکھے لوگوں کو بھی اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے ۔ وزیر نے اس موقعہ پر کہا کہ ہیری ٹیج کمپلیکس کی دیدہ زیبی پر 61 لاکھ روپے صرف ہوئے ہیں اور اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ عمارت کا تجدیدی کام وادی کے قدیم فنِ تعمیر سے مماثل ہو ۔ ناظمِ خوراک ، شہری رسادات و امور صارفین کی طرف سے اٹھائے گئے محکمہ کے ملازمین کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے ۔ محکمہ کے ملازمین کو گذشتہ سال سیاسی سورش کے دوران عوام کو فراہم کی گئی خدمات کو سراہتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت محکمہ کے ملازمین کے تمام مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے وعدہ بند ہے ۔ جنہوں نے ناموافق حالات میں بھی بہترین خدمات انجام دی ہیں ۔ وزیر نے محکمہ کے فُٹ بال پلیروں کی نوکریوں کو باقاعدہ بنانے کے معاملے پر غور کرنے کا یقین دلایا اور متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں منصوبہ مرتب کرنے کیلئے کہا ۔ کمشنر سیکرٹری خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین ، محکمہ کے ناظم ، جوائینٹ ڈائریکٹر لیگل میٹرالوجی کشمیر اور محکمہ دیگر اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے