عظمیٰ نیوز سروس
جموں // ممبر پارلیمنٹ و بھاجپا سنیئر لیڈر جگل کشور شرما نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کئی ایک فلاحی سکیمیں شروع کی ہوئی ہیں جبکہ حکام کو چائیے کہ وہ مذکورہ سکیموں کے سلسلہ میں عام لوگوں کو بیدار کریں ۔ان خیالات کا اظہار موصوف نے نگروٹا حلقہ کے بلاک متھواڑ میں پنچایت لوئر جنڈیال میں ’وکشت بھارت سنکلپ یاترا‘میں بھی شرکت کے دوران کئے ۔ممبر پارلیمنٹ نے اس دوران جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کی بہتری کے لئے سخت محنت کر رہی ہے اور سماج کے ہر طبقے کی بہتری کے لئے مختلف اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی تمام پنچایتوں کو مرکز کی حکومت کی اسکیموں سے سیر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سبھی کو رجسٹر کرنے کے لئے وکشت بھارت سنکلپ یاترا شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو اہل ہیں اور پردھان منتری اجولا یوجنا، پردھان منتری غریب کلیان این یوجنا، پردھان منتری آیوشمان بھارت کا فائدہ اٹھائے بغیر رہ گئے ہیں ان کو چائیے کہ وہ مذکورہ مہم کے دوران رجسٹرڈ کر کے ان فلاحی سکیموں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔اس سے قبل جگل کشور شرما ،سابق وزیر ست شرما، سابق ایم ایل اے دیویندر سنگھ رانا کے ساتھ نگروٹہ حلقہ کے لوئر جنڈیال میں سودان برادری دیو ستھان پرحاضری دی ۔