سرینگر// اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ سرینگر میں ڈھانچے کی کمی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے بعض علاقوں میں ڈرینج سسٹم بھی موجود نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سابقہ حکومتیں شہر میں درکار ڈھانچہ قائم کرنے میں مکمل طور ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ایک بیان کے مطابق سید محمد الطاف بخاری پارٹی صدر دفتر سرینگر میں پارٹی کنونشن سے خطاب کررہے تھے، جس میں ضلع کے پارٹی لیڈران اور سرکردہ کارکنان موجود تھے۔یہ کنونشن عوامی مسائل اور بعض پارٹی امور پر غور و خوض کرنے کیلئے بلایا گیا تھا۔ میٹنگ کے شرکا نے اپنے ذاتی تجربات کی روشنی میں اور لوگوں سے موصول کئے گئے فیڈ بیک کے تناظر میں متعدد عوامی مسائل اور شکایات کی نشاندہی کی۔اس موقع پر سید محمد الطاف بخاری نے زور دے کر کہا کہ نہ صرف سابقہ حکومتیں سرینگر کے علاقوں میں خاطر خواہ ترقی کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہیں بلکہ موجودہ انتظامیہ بھی شہر کے مکینوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے میں کوتاہی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا، ’’ سرینگر کے متعدد علاقوں میں رمضان المبارک میں بھی بجلی سپلائی میں بار بار کا خلل دیکھنے کو ملتا ہے۔ جبکہ کئی علاقوں میں افطاری اور سحری کے اوقات میں بھی بجلی سپلائی بند کی جاتی ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس کے علاوہ یہ شکایات بھی موصول ہورہی ہیں کہ پسماندہ طبقات کو راشن گھاٹوں پر سستے داموں والے چاول کی عدم دستیابی کی وجہ سے بھی پریشانی کا سامنا ہے‘‘۔ اپنی پارٹی کے صدر نے ایل جی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ان مسائل کے فوری ازالے کو یقینی بنانے کے لیے مطلوبہ اقدامات کرے۔میٹنگ کے دوران پارٹی لیڈر نے پارٹی کے بعض معاملات پر بھی بات چیت کی اور شہر سری نگر میں پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکمت عملی کا خاکہ پیش کیا۔ اس ضمن میں سرینگر کے مختلف علاقوں میں عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اس موقع پر سرینگر کے جواہر نگر کے ایک سرکردہ سیاسی کارکن اور کارپوریٹر غلام نبی نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی میں ان کا پرتپاک استقبال کیا۔