عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// شہر میں ٹریفک کی پریشانی سے پاک نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے، ڈویژنل کمشنر کشمیر، انشول گرگ نے ڈپٹی کمشنر سرینگر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی اور متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ ٹریفک کی بھیڑ کے مسائل سے نمٹنے کے لیے رکاوٹوں کی نشاندہی کرنے کے لیے سروے کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملٹی ڈسپلنری کمیٹی برائے سرینگر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔افسران سے خطاب کرتے ہوئے، صوبائی کمشنر نے ڈپٹی کمشنر سرینگر کی سربراہی میں کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت کی جس میں کمشنر ایس ایم سی، ایس ایس پی ٹریفک سرینگر، اور متعلقہ محکموں کے سربراہان ارکان کے طور پر شامل ہوں گے۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ رکاوٹوں کی نشاندہی کرنے اور ٹریفک کی بھیڑ کے مسئلے سے نمٹنے اور ٹریفک کی نقل و حرکت کو ہموار کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے انضمام کے لیے سائنسی مطالعہ کریں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ٹھوس تجاویز لے کر آئیں اور انہیں مقررہ مدت میں پیش کریں۔