عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پولیس نے سرینگر ضلع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے تقریبا ً200 خاندانوں کا انخلا کیا کیونکہ جمعرات کو جہلم میں پانی کی سطح میں کمی کے بعد وادی کے باقی حصوں میں سیلاب کے خدشے میں قدرے کمی آئی ہے۔سرینگر پولیس نے کہا کہ “انکی ٹیموں نے کامیابی کے ساتھ تقریباً 200 خاندانوں اور افراد کو شدید متاثرہ علاقوں سے منتقل کیا جن میں 24 خاندان اور ہائوس بوٹ میں رہنے والے شامل ہیں جنہیں پیرزو جزیرے اور بسنت باغ سے بچایا گیا “۔ایس ڈی آر ایف کے ایس ایس پی میر نے کہا کہ ان کی ٹیموں نے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں سے تقریبا 200 خاندانوں اور افراد کو کامیابی کے ساتھ نکالا اور دوسری جگہ منتقل کیا۔انہوں نے کہا کہ پیرزو جزیرے اور بسنت باغ سے 24 خاندانوں اور ہائوس بوٹ میں رہنے والوں کو منتقل کیا گیا ۔ترجمان کے مطابق بونیاربل، ایس آر گنج، ملک صاحب، صفاکدل، پامپوش کالونی، نورباغ، گذربل اور میدان یار فتح کدل سے 39 خاندانوں کو نکالا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیڈی کدل، حبہ کدل، زیندار محلہ، ٹنکی پورہ، کرن نگر، کرسو، اقبال کالونی اور آرم واری سے تقریباً 20 خاندانوں اور افراد کو نکالا گیا اور دوسری جگہ منتقل کیا گیا جبکہ حضرت بل کے تلبل اور کمزور علاقوں سے 20 خاندانوں کو بچایا گیا۔ترجمان نے کہا کہ 63 افراد کو پنزی نارامجہ گنڈ، بنڈ سائیڈ، ملورہ بنڈ، خواجہ باغ بنڈ، پارم پورہ بنڈ، بلال کالونی بنڈ، قمرواری، رام پورہ چھتہ بل بنڈ، زین پورہ اور ٹینگن سے بچایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انخلا کی کوششوں کے علاوہ، پولیس نے فعال طور پر کمزور پشتوں کی نشاندہی کی،جس سے سیلاب جیسی صورتحال کو مزید بڑھنے سے روکا گیا ۔ میر نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ جنوبی کشمیر میں بہت سے لوگوں کو بچایا گیا اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ 600-650 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ۔