ٹی ای این
سرینگر// شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی نے سال 2024 کا اپنا 11 واں پیٹنٹ حاصل کیا ہے، جس سے گزشتہ چار برسوںمیں حاصل کیے گئے پیٹنٹ کی کل تعداد 26ہو گئی ہے۔تازہ ترین پیٹنٹ، جس کا عنوان شالیمار ۔ہائیو ۔3(ایس ایچ۔3) ہے ۔ ڈاکٹر منیر صوفی کو شہد کی مکھیوں کے چھتے کی نشوونما میں ایک اختراع پر دیا گیا ہے۔ پیٹنٹ کی درخواست نومبر 2021 کو دائر کی گئی تھی۔سکاسٹ کشمیر کے وائس چانسلر ڈاکٹر نذیر گنائی نے بتایاکہ یہ کامیابی یونیورسٹی کے جدت طرازی کے عزم کا ثبوت ہے اور ایک جدت پر مبنی فارم یونیورسٹی بننے کے اس کے وڑن سے ہم آہنگ ہے۔شالیمار۔ہائیو ۔3(SH-3) زرعی ٹیکنالوجی میں ایک اور ترقی کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ ایجاد، اگر تجارتی پیمانے پر پیداوار اور کھیتوں کو اپنانے کے لیے ممکن ہو، توقع کی جاتی ہے کہ شہد کی مکھیوں کے پالنے کے طریقوں، اس شعبے میں پیداوری اور پائیداری کو بڑھانے پر کافی اثر پڑے گا۔سکاسٹ کشمیر کا جدت سے چلنے والی زرعی یونیورسٹی بننے کے وژن کو تحقیق اور ترقی میں مسلسل کوششوں کے ذریعے پورا کیا جا رہا ہے۔ چار برسوں میں 26 پیٹنٹ حاصل کرنے کا کارنامہ یونیورسٹی کی جدت کے لیے لگن کا واضح اشارہ ہے۔ ڈاکٹر نذیر نے کہا کہ یہ پیٹنٹ زرعی علوم کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہیں، جو یونیورسٹی کی وسیع مہارت کو ظاہر کرتے ہیں اور کاشتکار برادری کے لیے عملی حل پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔