سرینگر//ڈائریکٹر ایگریکلچر چودھری اقبال نے ڈپٹی ڈائریکٹر کے ہمراہ ترال میںمختلف اقسام کے شہد ، موم اور دیگر چیزوں کی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے ویلی ایپایریز اینڈ فوڈ پروڈکٹس کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرکے مذ کورہ کمپنی کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اس کاروبار میں آنا چاہتا ہے تو انتہائی کم سرمایہ سے بھی اسے شروع کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ کاروبار ہر اس جگہ پر شروع کیا جاسکتا ہے جہاں ایسے پھولوں والے درخت موجود ہوں جو شہد کی مکھیوں کے لیے موزوں ہیں۔ڈائریکٹر موصوف نے کہا کہ یہ شعبہ بظاہر نظر انداز رہا ہے اور کسی نے اس طرف توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے شہد کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ جنگلات کیلئے ایسے درخت لگائے جائیں جو شہد کی پیداوار کے لیے موزوں ہیں تو لاکھوں افراد اس کاروبار سے فائدہ بھی اٹھا سکتے ہیں ۔ اس دوران ویلی ایپایریز اینڈ فوڈ پروڈکٹس کے ڈائریکٹر نور محمد بٹ نے بتایا کہ شہدکی مکھیوںکو قابو میں رکھنے کا ہنر زیادہ مشکل نہیں ہے تاہم اس کیلئے سوج بوجھ کی ضرورت ہے۔