سرینگر// ریاست کے تینوں خطوں کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں جنگ بدر کی تقریب اور عرس مبارک حضرت عایشہ صدیقہؓ نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائے گئے۔ اِس سلسلے میں مسجد شریف زیارت حضرت سید کمال دین مدنی ؒ کنہ مزار نواکدل میں ایک پُر وقار تقریب پرمیر واعظ مولانا مولوی ریاض احمد ہمدانی نے شہدائے بدر کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اِ س معرکہ میں عالم انسانیت کے محسن انسانیت ، پیغمبر آخرزمانﷺ کے جان باز اسلام کے جان نثاروں کے خود نگران تھے اور اِس معرکے کے غازی حضرت صدیق اکبرؓ، حضرت فاروق اعظمؓ، حضر حیدر کرار علی مرتضیٰ ؓ اورحضرت امیر حمزہ رضوان اللہ علیہم اجمعین تھے۔ اِس معرکہ میں مسلمانوں کی تعداد313 تھے۔ اِس کے مقابلے میں دشمن کافر افواج ہزاروں کی تعداد میں تھے۔ اللہ نے مٹی بھر غازی اور پاک باز شہدائے بدر کے اصحاب کو جو عظیم فتح اور کامیابی اور کامرانی عطا کی وہ تاریخ اسلام میں ایک سنہری باب ہے۔ اُنہوں نے کہا ،کہ حضرت عاشیہ ؓ کے علمی کمالات اور روحانی ، ریاضت ، تقوا اور تبلیغ اسلام واشاعت میں جو کارنامے امت کی اِس شفیق ماں نے انجام دیئے وہ ہمارے لئے خاصکر ہماری ماں بہنوں اور بیٹیوں کیلئے تا ابد مشعل راہ ہے۔ اُنہوں نے مرحوم میر واعظ کشمیر مولانا مولوی محمد یوسف شاہؒ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ریاست کے ممتاز عالم دین اور تحریک حریت کشمیر کے اول رہنماؤں میں شامل تھے۔ اِس موقعہ پر مرحوم کے حق میں کلمات اور دعائے مغفرت ادا کیا گیا۔ دریں اثناء زیارت مسجد شریف میر سید یعقوب سونہ وار میں نمازِ ظہر سے قبل وادی کے عالم دین علامہ مولانا شوکت حسین کینگ قادری نے بھی جنگ بدر اور حضرت عاشیہ صدیقہؓ کی سیرت پر روشنی ڈالی۔