عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //سوک ایکشن پروگرام 2025 کے ایک حصے کے طور پر، گاندربل پولیس کے زیر اہتمام شہدا پولیس پریمئر لیگ ٹی-20 کرکٹ ٹورنامنٹ شیخ العالم سٹیڈیم کنگن میں اختتام پذیر ہوا۔ یہ ٹورنامنٹ جموں و کشمیر کے پولیس شہدا کی یاد میں منعقد کیا گیا تھا۔فائنل میں شائننگ سٹار منی گام چھتر گل اور الیون فرینڈز کنگن کے درمیان ایک سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ زبردست مقابلے کے بعد، الیون فرینڈز کنگن فاتح بن کر ابھری، جس نے چمپئن شپ ٹرافی اٹھائی۔ شہدا پولیس پریمئر لیگ جموں و کشمیر پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں نچھاور کیں اور سوک ایکشن پروگرام کے تحت کھیلوں کی سرگرمیوں پر زور دیا جس کا مقصد نوجوانوں کی توانائی کو صحیح سمت میں منتقل کرنا، ہم آہنگی، نظم و ضبط اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینا ہے۔ فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو تالیوں کی گرج کے ساتھ ٹرافیاں، سپورٹس کٹ اور یونیفارم اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔