لندن/بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 250 وکٹیں اور 5ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔انہوں نے یہ کارنامہ جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں اوول میں سر انجام دیا ہے۔یہ ان کے کیریئر کا 199واں میچ تھا، پاکستان کے عبد الرزاق نے یہی ہدف 258 میچزکھیل کر حاصل کیا تھا جو اب ان کے پاس اعزاز نہیں رہا۔ شکیب نے گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 3ہزار رنزکے ساتھ 200وکٹ مکمل کرنے کا کارنامہ سر انجام دیا تھا۔دریں اثنا عالمی کپ کے اپنے پہلے مقابلے میں ہی بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 21 رنز سے شکست دینے کے بعد بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن نے کہا ہے کہ سال 2007 کے عالمی کپ میں ان کی ٹیم نے جو الٹ پھیر کیا تھا اس کے بعد سے ہی آئی سی سی ٹورنامنٹ میں ان سے شائقین کو کافی توقعات رہتی ہیں۔شکیب نے کہاکہ ہمارے 2007 عالمی کپ کی کارکردگی کو 12 سال ہو گئے ہیں اور ان برسوں میں کرکٹ بہت آگے بڑھ چکا ہے ۔ اس وقت اگر ہم اچھا کھیلتے تھے تو شائقین کے لئے اور ہمارے لئے یہ اچھا ہوتا تھا لیکن اب وہ کسی ٹیم کو شکست دینے سے محض ہی مطمئن نہیں ہوتے ہیں۔ یہ توقعات ہم نے گزشتہ 12 سالوں میں بڑھائي ہے ۔ میں بہت خوش ہوں لیکن ابھی تو ٹورنامنٹ کا آغاز ہے ۔بنگلہ دیش نے اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹ پر 330 رن کا مضبوط اسکور کھڑا کیا تھا اور میچ 21 رنز سے جیت کر اس ٹورنامنٹ میں اپنی بااثر موجودگی درج کرائی۔ قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش نے گزشتہ ایک دہائی میں اپنے کھیل میں بہت سدھار کیا ہے ۔ سال 2015 کے عالمی کپ میں پہلی بار اس نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی اور حال ہی میں اس نے ٹرائی سیریز میں آئر لینڈ اور ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر اس سیریز میں فتح حاصل کی تھی۔بنگلہ دیشی آل راؤنڈر نے کہاکہ اس عالمی کپ سے پہلے ہمیں پتہ تھا کہ ہمیں کن چیلنجوں سے نمٹنا ہے ، اس لئے ہم نے اپنے آپ کو اسی طرح سے تیار کیا۔ ہم آئر لینڈ گئے تھے جہاں ہم نے واقعی اچھی کارکردگی کی اور ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کو شکست دی۔ اس دورے نے ٹیم کا اعتماد بڑھایا ۔ اس ٹورنامنٹ میں بہت سی چیزیں ہے جس ہمیں اپنے آپ کو ثابت کرنا ہے ۔ ٹیم کے کھلاڑی اعتماد سے بھرے ہوئے ہیں۔