جموں//الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سیکرٹری مالے ملک نے چیف الیکٹورل افسر شانت منو اورسرینگر و اننت ناگ پارلیمانی حلقوںکیلئے نامز د ریٹریننگ افسروں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ان حلقوں کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لینے کے علاوہ انتخابی عمل سے جڑے چند شکوک و شبہات دور کئے۔چیف الیکٹورل آفیسر شانت منو نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ یہ دو پارلیمانی حلقے 7 اضلاع پر مشتمل ہیں ۔انہوںنے کہا کہ سرینگر پارلیمانی حلقے کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 21؍ مارچ 2017ء کو مقرر کی گئی تھی جبکہ 22 ؍ مارچ کو کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی۔ انہوںنے کہا کہ اس حلقے کے لئے کل 11امید واروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے تھے جن میں سے 9کے کاغذات درست پائے گئے اور 2امید واروں کے کاغذات رد کئے گئے۔شانت منو نے مزید کہا کہ اننت ناگ پارلیمانی حلقے کے لئے کاغذات داخل کرنے کی آخری تاریخ 24؍ مارچ 2017 مقرر کی گئی ہے اور اب تک چار امیدواروں نے اپنی نامزدگیاں داخل کی ہیں۔ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر فاروق احمد لون جو کہ سرینگر پارلیمانی حلقے کے ریٹریننگ افسر بھی ہیں ، نے انتخابی پرچوں اور انتخابی فہرست کے تعلق سے چند وضاحتیں طلب کیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ جن کو اننت ناگ پارلیمانی حلقہ کے لئے ریٹریننگ افسر نامزد کیا گیا ہے ، نے بھی ویڈیو کانفرنس میںشرکت کر کے کئی معاملات کی وضاحت طلب کی۔جوائنٹ چیف الیکٹورل افسر رمن کیسر ، ڈپٹی چیف الیکٹورل افسر کرشن لال نے بھی ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔