وجے پور// وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے آقاوں نے کرناٹک میں یقینی شکست کو دیکھتے ہوئے ہار کا بہانہ تلاش کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں اور وہ ای وی ایم کو قصوروار ٹھہرانے کے لئے ابھی سے منصوبہ بنارہے ہیں۔کرناٹک میں بارہ مئی کو ہونے والے اسمبلی الیکشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں کے حق میں آج یہاں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ریاست میں تو یہ صورت حال ہے کہ کانگریس کے رہنماوں کو تو اپنے 'نامدار' رہنماوں پر بھی بھروسہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک اسمبلی الیکشن میں شکست کو دیکھتے ہوئے کانگریس کے رہنماوں نے لوگوں کے درمیان جانے کے بجائے یہ سوچنا شروع کردیا ہے کہ شکست کے لئے کیا بہانے تلاش کئے جائیں اور شکست کے ای وی ایم کو الزام دینے کا ابھی سے منصوبہ بنارہے ہیں۔کانگریس صدر راہل گاندھی اور سونیا گاندھی کا نام لئے بغیر مسٹر مودی نے دونوں پر حملے کئے ۔ انہوں نے نام لئے بغیر کہا کہ کانگریس کے رہنما کہتے ہیں کہ کرناٹک میں بیٹے سے کچھ ہونا نہیں ہے اس لئے ماں کو لانے سے شاید ضمانت بچ جائے ۔ یہی خاندانی سیاست کانگریس پارٹی کو ختم کررہی ہے ۔مسٹر مودی نے خواتین کی سلامتی پر کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ووٹ بینک کی سیاست میں ڈوبی پارٹی آج بیٹیوں پر تقریر کررہی ہے لیکن اس نے مسلم بیٹیوں کے لئے تین طلاق قانون کو پارلیمنٹ میں منظور نہیں ہونے دیا۔ کانگریس خواتین کو بااختیار بنانے کی بات کیسے کرسکتی ہے ۔ وہ خواتین کی سلامتی کے تئیں کبھی سنجیدہ نہیں رہی ۔ خواتین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے این ڈی اے حکومت نے سخت قوانین بنائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وجے پور بھگوان بسویشور کی جائے پیدا ئش ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ یاستی حکومت نے ان کے اصولوں کو نظر انداز کردیا ہے ۔ مرکز میں پچاس سال تک کانگریس نے حکومت کی لیکن بھگوان بسویشور کی مورتی پارلیمنٹ میں نہیں لگائی۔یہ کام اٹل بہاری واجپئی حکومت نے کیا۔بھگوان بسویشور سماج کے تمام فرقوں کو ایک ساتھ لے کر چلنے کے حامی تھے لیکن کانگریس نے اپنے ووٹ بینک کے خاطرانہیں بھلا دیا۔کانگریس حکومت فرقوں اور ذاتوں میں تفریق کرتی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست کے سنتوں او رمٹھوں نے غریبوں کے لئے جو کام کیا ہے وہ یہاں کی طاقت بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس چلچلاتی دھوپ میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ ریلی میں اس لئے آئے ہیں کہ وہ اپنے اگلے پانچ سال پرامن طورپر گذارنا چاہتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس کی حکومت نے کرناٹک میں کسانوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔ ریاست جب خشک سالی سے دوچار تھی تب وزیر آب پاشی دہلی میں سیاست کرنے میں مصروف تھے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی کابینہ میں ایک بھی ایسا وزیر نہیں ہے جس پر بدعنوانی کا الزام نہیں لگا ہو۔