۔13لاکھ سے زائدشہریوں کی رجسٹریشن مختصر مدت میں قابل ذکر پیش رفت کی عکاس:ڈلو
جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈلو کی صدارت میں جے کے سمادھان 2.0 پورٹل کے تحت عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کا تفصیلی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مختلف سرکاری محکموں اور ضلعی اِنتظامیہ کی کارکردگی، ردِّعمل کی رفتار، معیار اور مؤثریت کا بغور جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں سیکرٹری عوامی شکایات محکمہ ، مختلف محکموں کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریوں اوریوٹی بھر کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ کسی بھی شکایتی نظام کی کامیابی صرف شکایات کے اِندراج میں نہیں بلکہ ان کے بروقت اور اطمینان و تسلی بخش ازالے میں پوشیدہ ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ شہریوں کے مسائل کا بر وقت حل عوام کے حکومتی نظام پر اعتماد کو مضبوط کرتا ہے اور ان کی فعال شمولیت کو یقینی بناتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ شکایات کا صرف اندراج یا اعتراف کافی نہیںبلکہ مؤثر حل ہی عوام کو شکایات درج کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اُنہوں نے عوامی شکایات کو حکمرانی نظام کی ’’تشخیصی کسوٹی‘‘ قرار دیا جس سے اَضلاع اور محکموں کے مسائل کو بہتر طریقے سے سمجھا جا سکتا ہے۔چیف سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ شکایات کے ازالے کا معیار اتنا بلند ہونا چاہیے کہ شہری مکمل طور پر مطمئن ہوں۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ کوئی بھی شکایت 30 دِن سے زائد اِلتوأ میں نہ رہے اور تمام محکمے اورضلع ترقیاتی کمشنر باقاعدگی سے شکایات کے جائزے کی میٹنگیں منعقد کریں اورغیر ضروری تاخیر کی صورت میں ذمہ داری کا تعین کیا جائے۔اُنہوں نے شہری شمولیت میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور محکمہ شکایات کو ہدایت دی کہ جے کے سمادھان 2.0پورٹل کو تمام عوامی پروگراموں اور سرکاری مہمات میں اُجاگر کیا جائے۔ رجسٹرڈ شہریوں کو معلومات پہنچانے کے لئے باقاعدہ ایس ایم ایس مہمات کی تجویز بھی دی گئی۔چیف سیکرٹری نے جے کے سمادھان 2.0 پورٹل کا لائیو مظاہرہ بھی دیکھا اور اس میں کی گئی بہتریوں کو سراہا۔ اُنہوں نے ٹیکنالوجیکل اپڈیٹس کی سفارش کی جیسے بی آئی ایس اے جی ۔ این کے تعاون سے ڈیٹا پر مبنی شکایات کی مؤثر ہینڈلنگ، اے آئی کے ذریعے شکایات کی درجہ بندی اورہیٹ میپس کی مدد سے مسائل کی جغرافیائی شناخت شامل ہیں۔اُنہوں نے کم رجسٹریشن والے اضلاع میں فوکسڈ اقدامات پر زور دیا اور عوامی شرکت بڑھانے کے لئے بھرپور آئی اِی سی ( معلومات، تعلیم اور مواصلات) مہمات کی ہدایت دی۔سیکرٹری محکمہ شکایات اعجاز اسد نے بتایا کہ جنوری 2025ء سے جے کے سمادھان پورٹل پر رجسٹریشن میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ 4؍جنوری تک صرف 12,932رجسٹریشنز تھیں جو 5؍فروری تک 3,49,826تک پہنچ گئیں۔ گزشتہ دو ماہ میں ہی 9,46,001نئی رجسٹریشنز ہوئیں۔ 30؍اپریل 2025ء تک 13,08,759شہری اس پورٹل پر رجسٹر ہو چکے ہیں۔اَب تک 53,342شکایات درج کی گئیں جن میں سے 75فیصد یعنی 39,971شکایات حل ہو چکی ہیں جبکہ باقی 13,371شکایات متعلقہ محکموں کے زیرِ جائزہ ہیں۔یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر گھرانے سے کم از کم ایک فرد اس پورٹل پر رجسٹر ہو تاکہ وہ ضرورت کے وقت اِنتظامیہ سے براہ راست رابطہ کر سکے۔یہاں یہ بات قابل ذِکر ہے کہ جے کے سمدھان حکومت کی عوام کو قریب لانے کی سنجیدہ کوششوں کی روشن مثال ہے۔زائد اَز 13لاکھ شہریوں کی فعال رجسٹریشن اور شکایات کا مؤثر حل اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ایک شفاف، قابل بھروسہ اور ڈیجیٹل عوامی پلیٹ فارم بن چکا ہے۔