عظمیٰ نیوز سروس
جموں//شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے مسائل سننے اور عام شہری یا شکایات کے ازالے کے متلاشی افراد کے ساتھ زیادہ منظم اور مہذب طریقے سے بات چیت کرنے اور ان کے مسائل کے حل کی کو بہتر بنانے کیلئے ڈائریکٹر جنرل پولیس آر آر سوائن نے پولیس ہیڈ کوارٹر جموں میں منعقدہ ایک تقریب میں جموں و کشمیر پولیس شکایات ازالہ پورٹل “عوام سے، عوام کیلئے” کا آغاز کیا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ ہم نئے سال کے پہلے ہی دن جموں و کشمیر پولیس شکایت پورٹل شروع کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک نیا شکایات پورٹل شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کے ساتھ ساتھ ہمارے اپنے اہلکاروں کے مسائل کو ایک جگہ پر گھل ملائے بغیر حل کیا جا سکے۔ کمانڈنگ آفیسرز کی مختلف سطحوں پرانہیں درخواست کی حیثیت کو چیک کرنے کا اختیار حاصل ہوگا اور وہ متعلقہ حکام کو بھیج سکتے ہیں اور ساتھ ہی اسے واپس بھی وصول کرسکتے ہیں۔ اس پورٹل میں ایک درخواست اگر مختلف دفاتر میں جمع کرائی جائے تو اسے فلٹر کیا جا سکتا ہے تاکہ شہریوں اور محکمہ کے وقت کی بچت ہو سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ایک سمارٹ پورٹل ہوگا جس سے لوگوں کی بڑی تعداد کو ان کے مسائل کو معیار اور مقداری طور پر حل کرنے میں فائدہ ہوگا۔شکایت کنندہ کے نقطہ نظر سے پورٹل درخواست گزار/شکایت کنندہ کورجسٹرڈ موبائل نمبر کے ساتھ ایس ایم ایس اور ای میل کی تصدیق فراہم کرے گا، پورٹل کی چوبیس گھنٹے دستیابی، اور شکایت کنندہ ایک منفرد شکایت نمبر (شکایت درج کرنے کے وقت تیار کردہ) فراہم کرکے شکایت کی حیثیت کا پتہ لگا سکتا ہے۔شکایت کنندہ اضافی دستاویزات بھی جمع کراسکتے ہیں اور اپنی شکایت کاسٹیٹس دیکھ سکتے ہیں، ایک بار شکایت کا ازالہ ہونے کے بعد شکایت کنندہ کو ایس ایم ایس اور ای میل الرٹ موصول ہوگا۔محکمہ کے نقطہ نظر سے پورا عمل الیکٹرانک ہو گا، جواب داخل کرنے تک، موصول ہونے والی شکایات فوری طور پر متعلقہ کو تفویض کر دی جائیں گی اور افسر کو ایس ایم ایس اور ای میل الرٹس بھی موصول ہوں گے۔ سپروائزری افسران فالو اپ کی نگرانی کر سکتے ہیں اور یہ تمام سینئر افسران کو نظر آئے گا۔