سرےنگر// لبریشن فرنٹ ،فریڈم پارٹی ،سالویشن مومنٹ ، لبریشن فرنٹ ( آر )اور پیپلز فریڈم لیگ نے شوپیاں اور بارہمولہ میں جاں بحق کئے گئے جنگجوﺅں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔لبریشن فرنٹ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان نوجوانوں کے لہو سے سینچی ہوئی تحریک کسی بھی صورت میں شکست پذیر نہیں ہوسکتی۔ موصولہ بیان کے مطابق لبریشن فرنٹ کے ضلع صد ر جاوید احمد بٹ اور طارق احمد پر مشتمل وفد نے پلوامہ جاکر غمزدہ لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور انکی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جس تحریک کو ایسے معصوموںکا لہو سیراب کررہا ہے اُسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک کو حقیقی منزل تک پہنچانے کی جدوجہد ہر حال میں جاری رہے گی۔ فریڈم پارٹی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ ہمیں ان کی جدائی کا شدید احساس ہے لیکن اس بات کا بھی فخر ہے کہ ہماری قوم کے جوانوں میں احساسِ خودی و جذبہ حریت بدرجہ اتم موجود ہے‘ ۔ایک بیان میںپارٹی نے جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کے ورثاءسے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے درجات کی بلندی کی دعا کی ۔بیان میں بھارت اور پاکستان کے مابین تلخ و تند رویہ اور دھمکی آمیز بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ اشتعال انگیزی کسی بھی وقت طوفان کا رُخ اختیار کرکے برصغیر کو آگ کی بٹھی میں تبدیل کرسکتی ہے ۔پارٹی نے خواتین کی چوٹیاں کاٹنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ پولیس کسی بھی معصوم کو سنگ بازی کے الزام میں ملوث ٹھہراکر اسے گرفتار کرنے میں برق رفتاری کا مظاہرہ کرتی ہے لیکن خواتین کے ساتھ تذلیل آمیز رویہ پر مجرمین سے جان بوجھ کر آنکھیں چراکر انہیں خواتین کی عزت کے ساتھ کھیلنے کا موقع دیا جارہا ہے ۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر بٹ نے خراج عقیدت ادا کیا۔ اس سلسلے میں عدنان سلفی،مدثر احمد اورفاروق احمد پر مشتمل وفدنے شوپیاں میںجاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین کے ساتھ ہمدرد و یکجہتی کا اظہار کیا۔لبریشن فرنٹ ( آر ) کے سیکریٹری جنرل نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں نے مٹھی بھر ہونے کے باوجود ایک مقابل قوت کو اپنے عزم و حوصلوں سے اس بات کا پیغام پہنچادیا کہ قلت و کثرت ان کے لئے بے معنی ہے اور یہ کہ جس مقصد کے حصول کے لئے انھوں نے اپنی جانیں پیش کی وہ سب سے اعلی و ارفع ہے ۔پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم ایک جائز مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہی ہے اور اس راہ میں دی جانے والی قربانیاں ہماری مبنی برحق جدوجہد کا انمول سرمایہ ہےں۔ ترجمان نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ بین الاقوامی برادری دیرینہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی عین خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرانے کےلئے اپنا ایک بااثر اورمثبت کردار ادا کرے تاکہ ریاست جموں کشمیر میں ہو رہے خون خرابہ کو بند کیا جا سکے۔