سرینگر//شوپیاں قتل عام پروزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے اعلان کردہ تحقیقات کو ایک سراب قرار دیتے ہوئے دختران ملت نے کہا ہے کہ یہ اعلان کشمیریوں کو دھوکہ دینے کی ایک اور کوشش ہے۔ایک بیان میںتنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا ” ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ یہ تحقیقات محض ایک ڈرامہ ہے جسے یہاں کے لوگوں کو بیوقوف بنانے اور ہمدردیاں بٹورنے کیلئے رچا جارہا ہے“۔نسرین نے کہا کہ ایک طرف پولیس اس قتل عام پر ایک کیس درج کرتی ہے جس میں فوج کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے اور دوسری طرف بی جے پی کشمیریوں کے قتل عام کی وکالت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی لوگ دیکھ چکے ہیں کہ قتل عام میں ملوث اہلکاروںکے خلاف دائر مقدمات کا کیا انجام ہوا۔ نسرین نے کہا کہ یہ تحقیقاتی ڈرامے ماضی میں بھی دیکھے جاچکے ہیں اسلئے ان ڈھکوسلوں سے کوئی امید نہیں رکھنی چاہئے کیونکہ جومعصوموں کا قتل کرتے ہیں ان سے انصاف کی امید نہیں کی جاسکتی ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ ہند نواز سیاست دانوں اور جماعتوں کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے تاکہ کوئی ان کی جھوٹی ہمدردی کا شکار نہ ہو۔