سرینگر//شوپیان ہلاکتوں کے خلاف اتوار کو تاجروں نے فوج کے خلاف احتجاج کیا۔کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینوفیکچررس فیڈریشن کے بینر تلے تاجروں نے پریس کالونی میں جمع ہوکر احتجاج کیا۔احتجاجی تاجروں نے ہلاکتوں کا یہ سلسلہ روکنے کیلئے پُرامن مذاکراتی عمل شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ فیڈریشن کے نائب صدر منظور احمد بٹ نے کہا ”ہم ریاستی اور مرکزی سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مذاکراتی عمل کا یہ سلسلہ فوری طور پر شروع کیا جانا چاہئے تاکہ ہلاکتوں کا یہ سلسلہ بھی رک جائے“۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا”ہم وادی کے گلی کوچوں میں آئے روز ہلاکتوں کا جاری سلسلہ برداشت نہیں کرسکتے“۔ اس دوران کشمیر اکنامک الائنس نے ہلاکتوں کے جاری سلسلے کو کشمیریوں کی نسل کشی سے تعبیر کیا۔الائنس چیئرمین محمد یاسین خان نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔انہوں نے کہا”کشمیر کے بغیر اپُرامن مظاہرین پر طاقت کا استعمال کہیں نہیں کیا جاتا “۔انہوں نے عالمی اداروں بالخصوص ایمنسٹی انٹرنیشنل سے کشمیر میں ہلاکتوں کا سلسلہ رکوانے کیلئے بھارت پر دباﺅ دالنے کا مطالبہ کیا۔