سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ کٹھوعہ کی 8سالہ کمسن بچی آصفہ کے والدین کو جلد از جلد انصاف ملنا چاہئے ،اس معصوم کے درندہ صفت، وحشی اور سفاک قاتلوں کو قانون کے تحت عبرتناک سزا ملنی چاہئے، آصفہ کے ساتھ پیش آئے سانحہ کے بارے میں سن کر انسانیت کانپ اُٹھتی ہے اور ہر ذی شعور شخص اس پر ماتم ، افسوس اور تشویش کا اظہار کررہاہے۔خمینی چوک بمنہ میں ایک تقریب پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معصوم آصفہ کے کیس میں کرائم برانچ کی ابتدائی رپورٹ میں جو انکشافات کئے گئے ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں اور حکومت کو چاہئے کہ ایسے عناصر کو فوری طور پر دھر لیا جائے ، جو ریاست کے اندر مذہبی منافرت پھیلا کر حالات بگاڑنے کے در پے ہیں۔شوپیان میں ہوئی ہلاکتوں کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ بے گناہ نوجوانوں کے قتل کے جو نت نئے جواز بخشے جارہے ہیں وہ ہمیں قابل قبول نہیں،بے گناہ نوجوانوں کے قاتلوں کو کسی بھی صورت میں سزا ملنی چاہئے اور کشمیر میں جاری خونریزی کو فوری طور پر بند کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت ہند سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ یہاں کے لوگوں خصوصاً نوجوانوں کے دل جیتنے کیلئے سیاسی مفادات اور ووٹ سیاست سے بالاتر ہوکر سنجیدہ اقدامات کرے۔