شوپیان+سوپور//شوپیان ضلع کے 6دیہات کا اتوار کو وسیع پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن کیا گیاجو قریب10 گھنٹے تک جاری رہا۔اتوار کی اعلی صبح پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ، فوج اور سی آر پی ایف سے وابستہ سینکڑوں اہلکاروں نے مشترکہ طور پر بیک وقت ضلع کے چھ دیہاتوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔فورسز اہلکاروں نے واٹھو،سندھو شرمال، بالپورہ ،گنہ پورہ،شرمال اور چک شرمال کے دیہات کی ناکہ بندی کرکے داخلی اور خارجی راستوں پر پہرے بٹھا دئے اور تلاشی مہم عمل میں لائی۔ فورسز اہلکاروں نے عسکریت پسندوں کے چھپے بیٹھنے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد ان علاقوں کو سخت ترین محاصرے میں لیا تھا۔فورسز اہلکاروں نے میوہ باغات کو بھی کھنگالا لیکن جنگجوؤں کے ساتھ کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا۔10گھنٹے تک تھکا دینے والے آپریشن کو بعد میں ختم کیا گیا۔اس دوران کسی بھی علاقے میں پتھر بازی نہیں ہوئی۔ادھر نیو کالونی سوپور کا محاصرہ کیا گیا جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔تاہم یہاں بھی فورسز کا جنگجوئوں کیساتھ آمنا سامنا نہیں ہوا۔