پلوامہ//شوپیان کے16 دیہات میںوسیع آپریشن کے دوران جنگجوئوں کیساتھ آمنا سامنانہ ہونے کے بجائے سہ پہر کو پلوامہ کے چندگام گائوں میں تلاشی کارروائی کے نتیجے میں لوگوں اور فورسز میں جم کر تصادم آرائی ہوئی۔ٹہاب پلوامہ کے نزدیک چند گام نامی گائوں کے ایک حصے کو محاصرہ میں لیا گیا اور اچانک اس بستی کو چاروں طرف گھیرے میں لیا گیا۔پولیس کو شبہ تھا کہ بستی میں کم سے کم چار جنگجو موجود ہیں۔جونہی تلاشی کارروائی کا آغاز کیا گیا تو لوگ گھروں سے باہر آئے جس کے بعد فورسز اور مظاہرین میں جھڑپوں کا آغاز ہوا۔ مظاہرین نے فورسز پر چاروں طرف پتھرائو کیا جس کے جواب میں شلنگ کی گئی اور قریب دو گھنٹوں تک اسی قسم کی صورتحال رہی۔تاہم بعد میں محاصرہ ختم کیا گیا۔تصادم آرائی میں کئی افراد کو چوٹیں آئیں۔ادھربدھ علی الصبح پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ، فوج کی فسٹ،44و62راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کی 14بٹالین سے وابستہ سینکڑوں اہلکاروں نے بیک وقت شوپیان ضلع کے ایک درجن سے زائد دیہات کو محاصرے میں لیا۔ برہ بگ، کدگام ،بدی گام،نولئے پوشواری،کاشو، مول چتراگام ، ترکہ وانگام، سوگن، چلی پورہ، ہیف، شرمال، ملہ ڈیرہ ، ورپارہ ، ہیفکری، ناگہ بل اور دیگر ملحقہ دیہات کی طرف جانے والے تمام راستے انتہائی سختی کے ساتھ سیل کردئے گئے۔فورسز اہلکاروں نے علاقے میں قائم وسیع میوہ باغات کو بھی سخت محاصرے میں رکھا۔کئی گھنٹوں کے بعد محاصرہ ختم کیا گیا۔