شوپیان //شوپیان کے ایک درجن سے زائد دیہات میں نوے کی دہائی کی طرز پر جنگجو مخالف آپریشن انجام دیاگیا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہنے کے بعد پر امن طور پر اختتام کو پہنچ گیا۔ منگل علی الصبح پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ، فوج اور سی آر پی ایف سے وابستہ سینکڑوں اہلکاروں نے بیک وقت ضلع کے 13 دیہات کو محاصرے میں لیا۔ کریک ڈائون کے دوران جن دیہات کو گھیرے میں لیکر گھر گھر تلاشی شروع کی گئی،ان میںکچھ ڈورہ، چکو، بٹاپور،ابہٹو،بدر، لنڈورہ، گریند، مراد پور، بامن، ٹونگری کول، مانتری بگ، ہرمین اور دیگر ملحقہ دیہات شامل ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ فورسز نے ان علاقوں کی طرف جانے والے تمام راستے انتہائی سختی کے ساتھ سیل کردئے جس دوران نہ کسی کو وہاں کی طرف جانے اور نہ ہی کسی کو باہر آنے کی اجازت دی گئی۔ فورسز اہلکاروں نے علاقے میں قائم وسیع میوہ باغات کو بھی سخت محاصرے میں رکھا۔کئی گھنٹوں کے بعد ان علاقوں سے فورسز کی واپسی کا عمل شروع ہوااور کریک ڈائون پر امن طور اختتام کو پہنچ گیا۔