سرینگر// مرکزی مذاکرات کار نے مشن کشمیر کے 5ویں رائونڈ میں جمعہ کو جنوبی ضلع کولگام میںایک درجن عوامی وفود سے ملاقات کی۔دنیشور شرما نے جمعہ کو شوپیاں کے بعد کولگام کی طرف رخ کیا اور اس دوران ضلع میں دن بھر ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام کے دفتر میں عوامی وفود سے ملاقات کرتے رہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی وفود نے خصوصی نمائندے سے مسائل کے حل اور بشری حقوق کی پامالیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔معلوم ہوا کہ عوامی وفود نے فصلوں کے بیمہ سے لیکر حصول روزگار تک کی وکالت کی۔ جن وفود نے دنیشور شرما سے ملاقات کی ان میں کچھ تاجر اور نوجوانوں کے علاوہ فروٹ گرورس بھی تھے۔ذرائع نے بتایا کہ بیشتر عوامی وفود دنیشور شرما سے ذاتی حیثیت سے ملے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کئی مین اسٹریم جماعتوں کے ممبران نے بھی دنیشور شرما سے ملاقات کی اور انہیں ریاست میںترقی اور خوشحالی کو قیام امن کے تابع قرار دیا۔ذرائع کے مطابق تاہم وہ میڈیا سے دور رہے،جبکہ میڈیا سے وابستہ نمائندوں نے مرکزی مزاکراتکار سے دور رکھنے کے خلاف احتجاج کیا۔معلوم ہوا ہے کہ ضلع انتظامیہ نے جمعرات کو احکامات جاری کئے،جن میں پہلے حکم نامہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے دنیشور شرما کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی،تاہم شام کو ایک اور حکم نامہ جاری کیا گیا،جس میں میڈیا نمائندوں کو کوریج کی اجازت دی گئی۔