سرینگر//حریت (ع)،مسلم لیگ ،دختران ملت،تحریک مزاحمت ،سالویشن مومنٹ اور ووئس آف وکٹمز نے گذشتہ دنوں شوپیاں میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں زخمی ہونے کے بعد سنیچر کی شام صائمہ وانی نامی دوشیزہ کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ حریت (ع)چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے گذدو ہفتوں تک اسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جاں بحق ہوگئی صائمہ وانی کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ’’ کشمیر میں فورسز کی پُر تشدد کارروائیوں سے ہمارے معصوم بچے اور خواتین بھی محفوظ نہیں ہیں کیونکہ فورسز کو افسپا اور کالے قوانین کے تحت جو بے پناہ اختیارات حاصل ہیں ،ان کی وجہ سے انہیں کشمیریوں کے قتل عام کا لائسنس ملا ہوا ہے۔مسلم لیگ نے صائمہ کی صورہ میں ہوئی موت پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوج کو حد سے زیادہ اختیارات تفویض کئے جانے کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے کہا کہ بھارتی فوج ’’تل ابیب ‘‘ طرزپریہاں فلسطین کی تاریخ دہرانا چاہتا ہے ،جس طرح اسرائیلی فوج فلسطینی آبادیوں کا محاصرہ کر کے ’’آگ و آہن ‘‘ کی مدد سے نہتے فلسطینیوں کو ڈھال بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیتی ہے۔ بیان کے مطابق بھارت جموں کشمیر میں نئی پالیسی کے تحت نہتے اور مظلوم کشمیریوں سے انتقام لے کر ان کی نسل کشی کے درپے ہوچکا ہے حتیٰ کہ اب اسے یہ بھی تمیز نہیں رہی کہ وہ صنف نازک کے سینوں کو گولیوں سے چھلنی کر نے سے دریغ کر رہاہے ۔سجادایوبی نے کہا کہ چند عسکریت پسندوں کا بہانہ بنا کریہاں کی بستیوں کوہزاروں وردی پوشوں کی تحویل میں دے کرانہیں ’’فوجی چھاونی ‘‘میں تبدیل کرنا پوشیدہ منصوبوں کو بے نقاب کرتا ہے۔ دختران ملت نے صائمہ وانی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 دنوں تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد جاں بحق ہونا ہی اس بہادربیٹی کا مقام ٹھہرا۔ تنظیم کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا کہ کرفیو اور بندشوں کے باوجود ہزاروں لوگوں نے اس کے جنازے میں شرکت کی اور اسلام ،پاکستان اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ۔انہوں نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ وہ اس کنبے کو نعم البدل عطا کرے اور انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت عطا کرے۔نیزدختران ملت سربراہ نے سنجونی جموں معرکہ میں جاں بحق ہونے والے جنگجوئوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بہتے لہو کا نوٹس لیںاور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کر وائیں۔تحریک مزاحمت کے جنرل سیکریٹری محمد سلیم زرگر نے صائمہ کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ان مقدس قربانیوں کی عزت و حرمت کا ہر حال میں خیال رکھیں اور کسی کو بھی ان کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہ دیں۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں جدوجہد کے دوران خواتین کی قربانیوں کی تاریخ ناقابل فراموش ہے۔انہوںنے صائمہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کے لئے خصوصی دعا کی ۔ اس دوران سالویشن مومنٹ کے ایک وفد نے صائمہ وانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی۔وفد میں مولانا مدثر، اسحاق احمد اور عدنان سلفی شامل تھے۔ ووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ہفتوں تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جاں بحق ہوئی صائمہ نے انسانیت اورجمہوریت کے دعویداروں کو بے نقاب کردیا ہے۔