عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر //شوپیان میں ایک کمسن بچی نالے میں گرکر فوت ہوگئی جبکہ اننت ناگ میں ایک نوجوان کرکٹر کااچانک انتقال ہوگیا۔ نر وارہ شوپیان میں پانچ سالہ کمسن ناظمہ دختر ریاض احمد کھٹانہ ساکنہ کالاکوٹ جو اس وقت نر وارہ شوپیان میں مقیم تھے، اپنے گھر کے قریب کھیلتے ہوئے غلطی سے پھسل کر قریبی نالے میں گر گئی۔ اس دوران وہاں موجود اس کے والدین اور مقامی لوگوں نے بچی کو نالے سے نکالنے کے بعد ہسپتال پہنچایا،تاہم ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے ا س کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام ضروری قانونی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچی غلطی سے اپنی رہائش گاہ کے قریب نالے میں گر گئی تھی، اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ اسی دوران ضلع اننت ناگ کا ایک معروف کرکٹ کھلاڑی عنایت ملک ساکنہ اکن گام اچھہ بل اچانک دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوا۔ ملک اپنے گھرمیں بیہوش ہوکر گر گئے اور انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دے دیا۔ان کے انتقال کی خبر نے مقامی کمیونٹی اور کھیلوں کے شائقین کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔