شوپیان //جنگجوئوں نے شوپیان کے حرمین علاقے میں پولیس کی ایک گاڑی پر گھات لگاکر حملہ کیا تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حملے کے بعد جنگجوئوں کی تلاش میں آس پاس کے علاقوں کو کئی گھنٹوں تک محاصرے میں رکھا گیا ۔ ضلع کے حرمین علاقے میں جمعرات کی صبح قریب 9بجکر 20منٹ پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر شوپیان اپنے اسکارٹ کے ہمراہ ایک رکھشک گاڑی زیر نمبرJK02D/5327میں شوپیان سے حرمین کی طرف جارہے تھے کہ حاجی پورہ کمبدلن کے نزدیک پہنچتے ہی ایک میوہ باغ میںگھات میں بیٹھے جنگجوئوں نے گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے شدید فائرنگ کی۔گولیوں کی زد میں آکر گاڑی کے ٹائر پھٹ گئے اور گاڑی سڑک کے بیچوں بیچ رُک گئی۔اسی دوران گاڑی میں سوار اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی عمل میں لائی اور طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ قریب5منٹ تک جاری رہا۔اسی دوران جنگجو جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ حملے کے فوراً بعد ایس او جی اور فوج کی44آر آر سے وابستہ اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی اور نزدیکی علاقوں کو گھیرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی۔دو گھنٹوں کی مسلسل تلاشی کے بعد دوپہر سوا بارہ بجے علاقے کا محاصرہ اٹھالیا گیا ۔اس ضمن میں شوپیان پولیس نے کیس زیر نمبر 46/2017درج کیا ہے۔