شوپیاں//شوپیان میں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔گاڑیوں ،موٹر سائیکلوںکی بھر مار سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔ ٹریفک جام کے باعث ملازمین اور طلبا و طالبات کو کئی گھنٹوں تک درماندہ رہنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے وہ تعلیمی اداروںمیں دیر سے پہنچ جاتے ہیں۔ قصبہ کے بٹہ پو رہ چوک،جامع مسجد روڈ،نیو کالونی ڑود ،بنہ گام روڈ اور گاگرن روڈپر بد ترین ٹریفک جام ہوتا ہے ،ان جگہوں پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں اورگاڑیاںسست رفتاری کے ساتھ آگے بڑھتی ہیں جسکی وجہ سے نہ صرف مسافر بردار اورنجی گاڑیوں میں سفر کرنے وا لے لوگوںبلکہ پیدل چلنے والوکو بھی سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ۔ تنگ سڑکیں اور غلط پارکنگ جام کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔لوگ اشیائے ضروریہ خریدتے وقت گاڑیوں کو سڑکوں پر ہی کھڑا کرتے ہیں جس کی وجہ سے جام ہوتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ڈرائیوروں کو بھی کھلی چھوٹ دی گئی ہے جہاں پر اُن کا جی چاہے وہاں پر گاڑیاں کھڑا کرتے ہیں اور جب تک اُنکی گاڑیاں سواریوں سے نہ بھر جاے ٔ تب تک وہ بیچ سڑکوں پر ہی رُک جاتے ہیں ۔قصبہ میں اگر چہ ایک جگہ پر ٹریفک عملہ نظرآتے ہیں،پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی ہے۔ ایک شہری محمد یوسف کاکہنا ہے کہ بڑی گاڑیوں جیسے ٹپر،ٹریکٹر ،ٹرک وغیرہ کو اگرچہ دن میں مین مارکیٹ سے چلنے کی اجازت نہیں ہے، پھر بھی قصبہ کے مین مارکیٹ سے دن بھر 20سے 30کے قریب ٹپر اور ٹریکٹر گزرتے ہیں جن کی وجہ سے ٹریفک جام ہوتا ہے ۔