سرینگر//پولیس نے پیر کو کہا کہ اُنہوں نے جنوبی ضلع شوپیان میں ایک ایسے مذہبی سکول کے تین اساتذہ کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا ہے جہاں کے کچھ طالب علموں کو ملی ٹنسی سرگرمیوںمیں ملوث پایا گیا ہے۔
مذکورہ سکول کے طالب علموں، جنہیں عسکریت میں ملوث پایا گیا ہے ، میں سجاد بٹ بھی شامل ہے ،جس پر فروری2019کے لیتہ پورہ حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔اس حملے میں 40فورسز اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
آئی جی کشمیر وجے کمار نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سکول جماعت اسلامی کے ساتھ منسلک ہے۔جماعت اسلامی پر گذشتہ برس پابندی عائد کی گئی تھی۔
سرا ج العلوم نام کایہ تعلیمی ادارہ شوپیان ضلع کے امام صاحب علاقے میں قائم ہے۔
آئی جی نے کہا کہ اس سکول کے جن اساتذہ کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اُن میں عبد الاحد بٹ،روف احمد بٹ اور محمد یوسف وانی شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کئی اور اساتذہ کو نگرانی پر رکھا گیا ہے۔
اس سکول کے بارے میں حال ہی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہاں زیر تعلیم13طالب علموں نے اب تک عسکریت میں شمولیت اختیار کی ہے۔
اس سکول میں شوپیان کے علاوہ کولگام، پلوامہ اور اننت ناگ اضلاع کے طالب علم زیر تعلیم ہیں۔