سرینگر//پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ جنوبی ضلع شوپیان میں البدر سے وابستہ تین مقامی جنگجوفورسز آپریشن کے دوران جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک جنگجو نے فورسز کے سامنے سرنڈر کیا۔یہ واقعہ کنی گام ، امام صاحب گاوں میں پیش آیا جہاں فورسز نے جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد آپریشن شروع کیا تھا۔
پولیس نے سرنڈر کرنے والے جنگجو کی شناخت توصیف احمد کے طور کی ہے جبکہ جاں بحق جنگجوﺅں کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔
اطلاعات کے مطابق چار جنگجوﺅں کا یہ گروہ اس وقت محاصرے میں پھنسا تھا جب گذشتہ شام فورسز نے علاقوں کو گھیرے میں لیا ۔
آج صبح جونہی فورسز نے جنگجوﺅں کے چھپنے کی جگہ کا پتہ لگایا تو اُنہیں سرنڈر کرنے کیلئے کہا گیا لیکن جنگجوﺅں نے اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے فورسز پرگرینیڈ پھینکا ۔ پولیس کے مطابق اس موقع پر فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے۔