سرینگر+شوپیان//ضلع شوپیان میں گورنمنٹ بائز ہائر اسکنڈری اسکول کے طلباء نے منگل کوپُر امن احتجاج کیا۔وہ مانگ کررہے تھے کہ 28 اپریل کو یاسر احمد میر ولد خورشید احمد میر ساکن کنی پورہ شوپیان نامی طالب علم کو رہا کیا جائے۔طلباء نے کہا کہ مذکورہ نوجوان کو پولیس رہا کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔طلباء نے الزام عائد کیا کہ پولیس بے قصور طالب علموں کو بلا وجہ تنگ کر رہی ہے۔اس دوران ہف شرمال میں شبانہ چھاپوں کے دوران دوبھائیوں عا رف احمد بٹ اور جاوید احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ کو پولیس نے امن قانون میں خلل ڈالنے کے الزام میں گرفتار کیا ۔ادھر کائو ڈارہ علاقے میں دوران شب چھاپے کے دوران2نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا ۔شیخ العالم کالونی اور آرم پورہ میںدرمیانی شب پولیس نے ہلال احمد ڈار اور عادل احمد کمہار کو حراست میں لے کر اپنے ساتھ لیا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق ان نوجوانوںکی گرفتاری پر جب اُن کے عزیز و اقارب نے مزاحمت کی کوشش کی تو پولیس نے ہوائی فائرنگ کی۔