سرینگر /شمالی کشمیر کے سوپور میں جمعہ کو جنوبی کشمیر کے شوپیان میں فورسز کے ہاتھوں ایک جنگجو کی ہلاکت کے بعد ہڑتال ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق شوپیان میں فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران جو جنگجو جاں بحق ہوگیا، اُس کی پہچان سوپور ماڈل ٹائون کے رہنے والے اشفاق احمد صوفی عرف عبد اللہ بھائی کے طور ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق سوپور میں تمام دکان، کاروباری ادارے اور سکول بند ہوگئے جبکہ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی غائب ہوگیا۔
تاہم جاں بحق جنگجو کی شناخت کے بارے میں پولیس کی طرف سے ابھی کچھ نہیں کہا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ شوپیان کے امشی پورہ گائوں میں سیبوں کے ایک باغ میں موجود جنگجو نے فورسز پارٹی پر گولیاں چلائیں جس کے بعد یہاں معرکہ شروع ہوا۔معرکہ کے دوران ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔
ادھر ضلع کمشنر بارہمولہ نے ایک حکمنامہ جاری کیا جس میں سوپور سب ڈویژن کے سبھی سکول اور کالجوں کو آج کیلئے بند رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے۔