سرینگر/جنوبی کشمیر میں شوپیان ضلع انتظامیہ نے بدھوار کو کہا کہ وہاں بجلی سپلائی آج شام تک بحال کی جائے گی۔قابل ذکر ہے کہ حالیہ برفباری کے بعد سے شوپیان کا علاقہ گھپ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے کیونکہ بھاری برفباری کی وجہ سے پاﺅر سپلائی نظام کو شدید نقصان پہنچ گیا تھا۔اگر چہ موسم میں نمایاں تبدیلی بھی واقع ہوگئی لیکن حکام کا کہنا ہے کہ کافی محنت کے باوجود ابھی تک وہاں بجلی سپلائی بحال نہیں کی گئی ہے۔
مقامی لوگ الزام عاید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ محض چند انچ کی برفباری نے انتظامیہ کے دعوﺅں کی قلعی کھول کے رکھ دی ہے۔بعض مقامی لوگوں کا یہ بھی الزام ہے کہ محکمہ بجلی کے ملازمین خرابی ٹھیک کرنے میں دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کررہے ہیں۔
تاہم ضلع کے ایڈیشنل کمشنرشبیر احمد نے کہا کہ حالیہ برفباری نے کنی پورہ اور گنوپورہ نامی علاقوں میں واقع بجلی ٹرانسمیشن ٹاﺅرں کو کافی نقصان پہنچایا تھاجس کی وجہ سے سپلائی متاثر رہی۔انہوں نے کہا”خرابی ٹھیک کرنے کا کام شد و مد سے جاری ہے اور آج شام تک سپلائی بحال کی جائے گی“۔