شاہد ٹاک+سمت بھارگو
شوپیان +راجوری// شوپیان میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی مہم کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ ضبط کر کے ایک بالائی زمین ورکر کو گرفتار کیا۔ مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس، 44آر آر اور 14بٹالین سی آر پی ایف نے نازنین پورہ کیگام میں چھاپہ مارا اور تلاشی کے دوران ایک چالیس ایم ایم آر پی جی،ار پی جی گرینیڈ ایک، اور بوسٹر ایک ضبط کیا۔ اس سلسلے میں ملی ٹینٹوں کے ایک ساتھی کو گرفتار کیا گیا۔
ادھر نگروٹہ جموں کے پنجگرین علاقے میں منگل کی صبح ایک آئی ای ڈی بر آمد کی گئی جس کو بعد میں ناکارہ بنا دیا گیا۔ایس ایس پی جموں چندن کوہلی نے بتایا کہ نگروٹہ کے پنجگرن علاقے میں منگل کی صبح بر آمد کی گئی مشتبہ شئے ایک آئی ای ڈی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس مشتبہ شئے کی جانچ کے لئے بم ناکارہ بنانے والی ٹیم کو جائے موقع پر طلب کیا گیا۔ان کا کہنا تھا: ‘یہ ایک آئی ای ڈی تھی جس کو بعد میں کنٹرولڈ طریقے سے ناکارہ بنا دیا گیا’۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔ادھر راجوری شاہراہ مشکوک مواد کی موجودگی کے شبہ میں کاکورہ اور منجاکوٹ کے درمیان سات کلومیٹر کے فاصلے پر گاڑیوں کی آمدورفت گھنٹوں تک معطل رہی۔سیکورٹی فورسز نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرکے علاقے میںتلاشی لی۔حکام نے بتایا کہ فورسز کی ایک ٹیم نے منگل کی دوپہر کو منجاکوٹ ٹان شپ سے تین کلومیٹر دور نیالی میں ہائی وے کے ساتھ ساتھ کچھ مشتبہ مواد کی موجودگی پائی۔ آپریشن کی وجہ سے شاہراہ پر کاکورہ اور منجاکوٹ کے درمیان گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی اور اس کا رخ منجاکوٹ لنک روڈ سے ہو گیا۔حکام نے بتایا کہ گھنٹوں بعد گاڑیوں کی آمدورفت بحال کردی گئی۔آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔