سرینگر/جنوبی ضلع شوپیان میں اتوار کو جنگجو ئوں اور فورسز کے مابین خونین معرکہ آرائی کے نتیجے میں6جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ اس جھڑپ میں ایک فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوگیا۔
سرینگر میں مقیم فوج کے ترجمان نے چھ جنگجوئوں کے جاں بحق اور ایک فوجی اہلکار کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کا آپریشن اختتام پذیر ہوگیا ہے۔
یہ جھڑپ اُس وقت شروع ہوگئی جب دوران شب فورسز نے شوپیان کے بٹہ گنڈ نامی گائوں کو محاصرے میں لیکر آپریشن شروع کیا۔
صبح آپریشن کے دوران چھپے جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے جواب میں فورسز نے بھی گولیاں چلائیں۔ طرفین کے مابین گولی باری کے نتیجے میں پہلے چار جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔ اس کے بعد چھپے دو مزید جنگجوئوں کو جاں بحق کیا گیا جن کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوگیا۔
اس دوران جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان معرکہ کے بیچ مظاہرین اور فورسز کے مابین شدید جھڑپیں شروع ہوئیں جن کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق کم سے کم چار زخمیوں کو ضلع اسپتال شوپیان پہنچایا گیا جہاں سے ایک کو سرینگر منتقل کیا گیا۔
مذکورہ ذرائع کے مطابق کئی اور زخمیوں کو بٹہ گنڈ کے قریبی اسپتال نہامہ بھی لیجایا گیا ہے جبکہ کچھ زخمی کولگام پہنچائے گئے ہیں۔