سرینگر/جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں جمعہ کی صبح فورسز اور جنگجوئوں کے مابین معرکہ آرائی شروع ہوئی جس کے دوران آخری اطلاعات ملنے تک دوجنگجو جاں بحق ہوگئے ۔ اس معرکہ میں ایک فوجی اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فورسز نے شوپیان کے امام صاحب علاقے میں واقع آڑکھار نامی گائوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران چھپے جنگجوئوں نے فورسز پارٹی پر گولیاں چلائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فورسز نے جوابی کارروائی عمل میں لائی جس کے بعد طرفین کے مابین معرکہ شروع ہوا۔
اس معرکہ میں دو جنگجو جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اگر چہ گولیاں چلنا بند ہوگیا ہے تاہم علاقے میں آخری اطلاعات ملنے تک فورسز آپریشن جاری تھا۔
دریں اثناء حکام نے معرکہ آرائی کے فوراً بعد شوپیان ضلع میں انٹر نیٹ سروس معطل کردی۔
واضح رہے کہ شوپیان اور پلوامہ ضلعوں کے اندر لوک سبھا پولنگ کے تحت 6مئی کو ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔