سرینگر/جنوبی ضلع شوپیان میں جنگجوئوں اور فورسز کے مابین جو معرکہ آرائی جمعہ کی صبح شروع ہوئی اُس کے دوران دو جنگجو اور ایک شہری جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق شہری کے بارے میں تاہم پولیس کا دعویٰ ہے کہ وہ جنگجوئوں کا ایک سرگرم بالائے زمین کارکن تھا ۔
یہ معرکہ آج علی الصبح درگڈ، سوگن نامی گائوں میں شروع ہوا جب فورسز نے گائوں میں جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا۔
معرکہ کی جگہ سے پہلے دو لاشیں بر آمد کی گئیں اور یہ بھی بتایا گیا کہ فورسز نے لاشوں کے ساتھ ساتھ دو ہتھیار بھی بر آمد کئے ہیں۔
بعد ازاں معرکہ کی جگہ کے نزدیک واقع ایک سیب کے باغ سے تیسری لاش بر آمد ہوئی جس کی شناخت جاسم شاہ کے طور کرتے ہوئے مقامی ذرائع نے کہا کہ وہ ایک عام شہری تھا۔
پولیس نے تاہم کہا کہ تیسرا جاں بحق شخص جنگجوئوں کا سرگرم بالائے زمین کارکن تھا ۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق جنگجوئوں میں عابد منظور ماگرے عرف سجو ٹائیگر ساکنہ نوپورہ پائین، پلوامہ اور بلال احمد بٹ ساکنہ لاسی پورہ پلوامہ شامل ہیں۔