شوپیان ضلع میں فورسز آپریشن کے دوران 4جنگجو جاں بحق :پولیس

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
شوپیان//جنوبی ضلع شوپیان میں پیر کی صبح سیکورٹی فورسز کے ایک جنگجو مخالف آپریشن کے دوران جنگجوﺅں کے ساتھ چھڑی معرکہ آرائی میں چار جنگجو جاں بحق ہوگئے۔یہ واقعہ ضلع کے مانی ہل، بٹہ پورہ گاوں میں پیش آیا جو امام صاحب علاقے میں واقع ہے۔اس معرکہ آرائی کے دوران سچن کمار نامی ایک فوجی اہلکار کو بھی گولی لگنے سے چوٹ آئی تاہم اس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔ 
 پولیس نے پہلے دو ، بعد میں ایک اور آخر پر ایک اورجنگجو کی ہلاکت کی اطلاع دیتے ہوئے واقعہ کی تصدیق کی۔پولیس نے تاہم فوری طور پر جاں بحق جنگجوﺅں کی شناخت نہیں کی۔
فوج نے بھی مانی ہل آپریشن کے دوران چار جنگجوﺅں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جائے واردات سے ایک اے کے قسم کی بندوق اور تین پستول بر آمد کئے گئے ہیں۔ 
اس سے قبل جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فورسز اہلکاروں نے مانی ہل بٹہ پورہ علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔آپریشن شروع ہوتے ہی حکام نے ضلع پھر میں موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کر دیں۔
 ذرائع کے مطابق فوج کی 34 راشٹریہ رائفلز، سی آر پی ایف کی 178 بٹالین اور جموں و کشمیر پولیس نے گذشتہ رات قریب ساڑھے نو بجے مانی ہل بٹہ پورہ امام صاحب علاقے میں جنگجوﺅں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد سخت ترین محاصرے کے دوران لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ 
آپریشن کے دوران چھپے جنگجوﺅں اور فورسز کا آمنا سامنا ہوا اور طرفین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔اس گولی باری کے تبادلے میں چار جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *