سری نگر//انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے امشی پورہ علاقے میں جمعہ کو ہوئے ایک تصادم میں دو جنگجو اور ایک عام شہری مارا گیاہے۔
آئی جی پی نے کہا، ”گاو¿ں امشی پورہ، شوپیان میں (عسکریت پسندوں) کی موجودگی کے بارے میں پولیس کے مخصوص ان پٹ کی بنیاد پر، 24اور 25فروری2022 کی دیر رات کو ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا، رہائشی گھروں کو گھیرے میں لینے کے بعدشہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ اس کے بعد چھپے ہوئے عسکریت پسندوں کا پتہ لگانے کے لیے رات گئے گھر گھر تلاشی شروع کی گئی"۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران عسکریت پسند باہر آئے اور "اندھا دھند فائرنگ کا کی"۔ عسکریت پسندوں کی اندھا دھند فائرنگ میں ایک شہری شکیل احمد خان ولد عبدالرحیم خان، سکنہ امشی پورہ شدید زخمی ہوا۔ زخمی شہری کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کئے جانے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کی طرف سے فائرنگ کی موثر جوابی کارروائی کی گئی جس میں دونوں عسکریت پسندوں کو مار گرایا گیا۔
انہوں نے کہا، ”عسکریت پسندوں کی شناخت مزمل احمد میر ولد ابو حمید میر ساکنہ چتری پورہ، شوپیاں اور شارق ایوب ولد محمد ایوب وگے ساکنہ بون پورہ، امشی پورہ، شوپیاں کے طور پر ہوئی۔ عسکریت پسند مزمل کئی عسکری سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ دونوں مارے گئے عسکریت پسندوں کا تعلق لشکر طیبہ سے تھا۔ اسلحے سمیت دیگر مواد (ایک اے کے 56 رائفل اور ایک پستول) اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا“۔