شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران شوپیان بجبہاڑہ شاہراہ کی کشادگی سے شنگلو میں متاثر ہونے والے دوکانداروں کی باز آبادکاری کےلئے ایک ٹھوس لائحہ عمل اپنانے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دکانداروں کی طرف سے کچھ مطالبات کی وجہ سے یہ معاملہ پچھلے دو سال سے التوا¿ میں پڑا ہوا تھا۔میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنرمال،ایگزیکٹیو انجینئر لوکل باڈیز ٹیکنیکل آفیسر آر اینڈ بی ،ایگزیکٹو آفیسر میونسپلٹی اورتحصیلدار شوپیان کے علاوہ حبدی پورہ کے تمام دکاندار موجود تھے۔میٹنگ کے دوران شنگلو چوک سے سومو سٹینڈ بونہ بازار شوپیان تک متاثر ہونے والے دکانداروں کی باز آبادکاری معاملے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کئی اہم فیصلے لئے گئے۔اس موقعہ پر دکانداروں نے مجوزہ منصوبے کو قبول کرتے ہوئے ترقیاتی کمشنر کی انسانی بنیاد پر مداخلت کرنے کے لئے اُن کی سراہنا کی۔یہ دکانیں متاثرہ دکانداروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ ہونگی۔