سرینگر//جنوبی ضلع شوپیان میں جمعہ کے روز فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین جوتصادم شروع ہوا اُس میں آخری اطلاعات ملنے تک مزید دو جنگجو جاں بحق ہوئے اور اس طرح جاں بحق ہونے والے جنگجوﺅں کی تعداد4ہوگئی ۔
یہ تصادم قصبہ شوپیان سے چند کلو میٹر دور کلورہ علاقے میں جاری ہے۔
پولیس نے اپنی ایک ٹویٹ میں اس بات کی تصدیق کی کہ جاری فورسز آپریشن کے دوران 4 جنگجو جاں بحق ہوئے ہیں جن کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔
پولیس نے پہلے دو اور بعد میں دو جنگجوﺅں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
ادھر فوج نے بھی کلورہ میں چار جنگجوﺅں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔فوجی کی طرف سے جاری ایک مختصر بیان میں بتایا گیا کہ چار جنگجو جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک جنگجو نے خود کو فورسز کے حوالے کیا۔
اس سے قبل فوج، پولیس اور سی آر پی ایف نے کلورہ میں جنگجوﺅں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد گاوں کو محاصرے میں لیا اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔اس دوران فورسز اور جنگجوﺅں کو آمنا سامنا ہوا اور طرفین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔