حسین محتشم
پونچھ // سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر واقع محلہ شنکر نگر میں کھلا پانی ذخیرہ کرنے والا ٹینک مقامی شہریوں کی زندگی اور صحت کے لئے ایک سنگین خطرہ بن گیا ہے۔ یہ ٹینک کئی وارڈوں کے لئے پینے کے پانی کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے، لیکن اس پر حفاظتی ڈھکن یا احاطہ نہ ہونے کے باعث نہ صرف پانی آلودگی کا شکار ہو رہا ہے بلکہ جانوروں اور حتیٰ کہ انسانوں کے گرنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔مقامی باشندوں کے مطابق یہ ٹینک طویل عرصے سے اسی حالت میں موجود ہے، لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے اب تک اس کی حفاظت کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ شہریوں نے بتایا کہ اس کھلے ٹینک میں کئی بار جانور گر کر ہلاک ہو چکے ہیں، جس کے باعث پانی کے آلودہ ہونے کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔ اگر یہ آلودہ پانی گھریلو استعمال میں لایا گیا تو ہیضہ، ٹائیفائیڈ اور دیگر وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔شنکر نگر اور ملحقہ علاقوں کے مکینوںنے انتظامیہ اور جل شکتی محکمہ سے فوری طور پر ٹینک پر مضبوط حفاظتی ڈھکن نصب کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ پانی کو آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے اور عوامی صحت کو لاحق خطرات ختم ہوں۔عوامی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو کسی بڑے حادثے کو ٹالا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی سے جڑے منصوبوں میں حفاظت اور صفائی کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے، ورنہ یہ لاپرواہی قیمتی جانوں اور عوامی صحت کے لئے شدید خطرہ بن سکتی ہے۔