برفانی تودے اور پسیاں گر آنے کی وارننگ جاری،آج دوپہر سے موسم تبدیل ہوگا
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی بھر کے میدانی علاقوں میں جمعرات کو موسلا دھار بارشیں اور بالائی و پہاڑی علاقوں میں بھاری برفباری ہوئی۔محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے بیشترحصوں میں درمیانی سے بھاری بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ جموں و کشمیر کے کئی حصوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی سے بھاری بارش ہوتی رہی ۔
برفباری
غلام نبی رینہ کے مطابق سونہ مرگ، زوجیلا، گمری، منی مرگ، دراس، کرگل، گگن گیر اور کلن میں تیسرے روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری رہا جبکہ کنگن گاندربل میں بارشیں جاری رہیں۔ زوجیلا میں3 فٹ، دراس ڈھائی فٹ، کرگل 10 انچ، سونمرگ2 فٹ، گگن گیر6 انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔ سونہ مرگ میں جمعرات کو برفباری کی وجہ سے سڑک پر پھسلن موجود ہونے سے چھوٹی گاڑیوں کو چلنے میں دقتیں پیش آئیں۔اشرف چراغ کے مطابق کپوارہ میں گزشتہ 3روز سے برف باری اور بارشو ں کا سلسلہ جاری ہے ۔جمعرات کو پورے ضلع میں بھاری اور سر حدی علاقوں میں جم کر برف باری ہوئی ۔ بڈنمل میں جمعرات کی شام تک 3 فٹ برف جمع ہوئی جبکہ مژھل کے اندرونی علاقوں میں ڈیڑھ فٹ ،کیرن میں ایک اور کرناہ میں 4انچ برف جمع ہونے کی اطلاع ہے ۔ضلع کے میدانی علاقوں میں 6انچ برف جمع ہوئی ۔ نستہ ژھن گلی (سادھنا)پر قریب 3فٹ ،فرکیا ں 3،مژھل کی زیڈ گلی پر 3فٹ تازہ برف جمع ہوئی ۔بڈنمل کے بابائے ٹاپ پر اڑھائی فٹ اور جمہ گنڈ میں 2فٹ برف ریکارڈ کی گئی ۔کر ناہ ،کیرن اور مژھل میں گزشتہ دو روزکے دوران بجلی سپلائی بھی متا ثر ہوئی ہے ۔مشتاق الحسن کے مطابق گلمرگ،ٹنگمرگ اور بابا ریشی میں بھاری برفباری کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوکے رہ گئی۔گلمرگ کے افروٹ پہاڑی سلسلے پر تین فٹ،گلمرگ میں2 فٹ،بابا ریشی ڈیڑھ فٹ اور ٹنگمرگ میں قریب 9انچ تازہ برف ریکارڈ کی گی ۔
بارش
محکمہ موسمیات کی طرف سے شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق، نوگام اور ہندوارہ علاقوں میں سب سے زیادہ 46.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد بانڈی پورہ میں 43.0 ملی میٹر، ولر میں 37.0 ملی میٹر اور کوکرناگ میں 38.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔نمایاں بارش کے ساتھ دیگر قابل ذکر مقامات میں سوپور 33.0 ملی میٹر، عشم 33.5 ملی میٹر، اور ٹنگمرگ 36.2 ملی میٹر شامل ہیں۔ مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں 23.8 ملی میٹر بارش کے ساتھ 20.0 سینٹی میٹر تازہ برف باری ہوئی۔سرینگر میں 4.4 ملی میٹر جبکہ قاضی گنڈ اور پہلگام میں بالترتیب 9.6 ملی میٹر اور 11.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ماہرین نے بتایا ہے کہ جموں خطہ کے بعد جنوبی کشمیر کے کچھ علاقوں میں اگلے 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ شدت کی بارش ہونے کی توقع ہے، ۔جموں خطہ میں، بانہال میں سب سے زیادہ بارش 76.2 ملی میٹر، ادھم پور میں 12.4 ملی میٹر، پونچھ میں 15.0 ملی میٹر، اور کشتواڑ میں 9.0 ملی میٹر بھی درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ تاہم، جموں شہر میں صرف 0.1 ملی میٹر کم سے کم بارش ہوئی، جب کہ آر ایس پورہ اور برمل جیسے مقامات خشک رہے۔لداخ میں، لیہہ میں بارش کا صرف ایک نشان ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ذرائع کے مطابق کرگل اور دراس کے اعداد و شمار دستیاب نہیں تھے۔
شاہرائیں
برفباری کے باعث سرینگر لداخ شاہراہ پر چوتھے روز بھی ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی۔شاہراہ پر پچھلے 4روز سے بارشیں اور برفباری ہورہی ہے۔گریز شاہراہ بھی تین روز سے بند پڑی ہے۔یہاں رازدان ٹاپ پر بھاری برفباری کی وجہ سے شاہراہ کو بند کردیا گیا ہے۔شوپیان پونچھ مغل روڑ جنوری سے بند پڑا ہے۔سنتھن ٹاپ اور کرناہ و کیرن کو جانے والی سڑکیں گزشتہ دو روز سے بندپڑی ہیں۔سرینگر جموں قومی شاہراہ سہ پہر بعد ہر قسم کے ٹریفک کو بند کردیا گیا۔شاہراہ پر ناشری،اور بانہال سیکٹر میں لگاتار بارشوں سے پتھر گرنے کا اندیشہ پیدا ہوا جس کے بعد حکام نے شاہراہ کو بند کردیا۔ جکھنی ادہم پور اور قاضئی گنڈ میں ٹریفک کو روک دیا گیا۔
جموں
جموں ضلع میں کم لیکن صوبے کے چناب اور پیر پنچال خطوں میں موسلا دھار بارشیں اور برفباری ہوئی۔ضلع کشتواڑ کے پنجاری اور بیگ پورہ میں برفانی تودے بھی گر آئے۔ خطہ چناب میں بانہال، بھدرواہ، کشتواڑ اور ڈوڈہ میں شدید بارشیں اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔اسکے علاوہ پیر پنچال کے دونوں اضلاع میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ سرنکوٹ، منڈی اور بفلیاز میں برفباری ہوئی۔ادہم پور،ریاسی، کھٹوعہ، سانبہ اور جموں خاص چمیں کہیں بہت زیادہ تو کہیں اعتدال کی بارشیں ہوئیں۔
پیشن گوئی
حکام نے کہا کہ 28 فروری تک کشمیر اور جموں دونوں ڈویژنوں میں الگ تھلگ مقامات پر زیادہ تر ہلکی سے درمیانی بارش/برف کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا۔ تاہم 28 فروری کی دوپہر سے بہتری کا امکان ہے۔1-2 مارچ تک، موسمی حالات ابر آلود رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا، 3 مارچ کو جموں و کشمیر میں ہلکی بارش/برفباری کے ساتھ الگ تھلگ جگہوں پر بکھرے ہوئے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش/برفباری متوقع ہے۔حکام نے خطرے سے دوچار مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے اور پتھرگرنے کے شدید خطرے سے خبردار کیا ہے۔ انہوں نے آنے والے دنوں میں مزید بارش کا مشورہ دیا ہے اور سفر کے دوران احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔ توقع ہے کہ بارش سے خطے کے کچھ حصوں میں طویل خشکی سے راحت ملے گی۔