عظمیٰ نیوزسروس
بارہمولہ+شوپیان+اننت ناگ+ گاندربل+ کولگام//پولیس نے بارہمولہ، شوپیان اور اننت ناگ میں پانچ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے ممنوعہ اشیاء برآمد کیں جبکہ گاندربل میں پولیس نے مختلف مقامات پرمنشیات فروشوں کے گھروں کی تلاشی لی۔گنگل پل کے قریب قائم چوکی پر پولیس ٹیم نے ایک شخص کو روکا جس کی شناخت طاہر حمید ولد عبدالحمید خان سکنہ گنگل کے نام سے ہوئی ہے۔ دوران تلاشی اس کے قبضے سے 07 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔شوپیان میں، ناروانی امربگ کراسنگ پر قائم ایک چوکی پر پولیس کی ایک ٹیم نے ایک مشکوک شخص کو روکا جس کی شناخت اعجاز احمد بٹ ساکنہ مومن دانجی پورہ بجبہاڑہ کے طور پر کی گئی۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 1.480 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔اننت ناگ میں، دچی گام پتھنو کراسنگ پر قائم ایک چوکی پر پولیس کی ایک ٹیم نے ایک گاڑی (آلٹو K10) کو روکا جس کا رجسٹریشن نمبر JK19A-0435 تھا، جس میں تین افراد سوار تھے۔ ان کی شناخت بلال احمد بٹ ولدغلام نبی بھٹ ، فیروز احمد داس ولد علی محمد داس اور اعجاز احمد مٹو ولد غلام محمد مٹوکے طور ہوئی۔ تلاشی کے دوران، افسران نے نایلان کے تھیلے میں چھپایا گیا 4.584 کلو گرام پوست کا بھوسا برآمد کیا۔ انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔اسی مناسبت سے متعلقہ تھانوں میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔گاندربل پولیس نے جمعہ کو ضلع بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا۔ مطلوبہ عدالتی احکامات حاصل کرنے کے بعد، پولیس ٹیموں نے تقریباً 12 مختلف مقامات پر گھر گھر تلاشی لی۔ ایک بیان میں پولیس ترجمان نے کہا کہ اس آپریشن کی نگرانی ذاتی طور پر ایس ایس پی گاندربل، خلیل محمدپوسوال کر رہے ہیں، جنہوں نے تمام پولیس یونٹوں کو منشیات کی سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ بیان کے مطابق ایس ایس پی کی قیادت میں، متعدد ٹیموں نے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تجارت میں ملوث افراد کی شناخت اور انہیں پکڑنے کے لیے کام کیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ان چھاپوں کا مقصد مقامی سپلائی چین کو ختم کرنا اور گاندربل کو منشیات کی لعنت سے پاک رکھنا یقینی بنانا ہے۔ ایس ایس پی پوسوال نے نوجوانوں کو نشے سے بچانے اور ہر مجرم کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے محکمے کے عزم کا اعادہ کیا۔منشیات کے سمگلروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے، کولگام میں پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش شہزاد احمد ڈار ولد مرحوم محمد رجب ڈار ساکن ویدو مشی پورہ کی جائیداد ضبط کر لی ہے، جس کے خلاف NDPS ایکٹ، 1985 کی دفعہ 68-F معاملہ درج ہے۔ملزم این ڈی پی ایس ایکٹ کے دفعہ8/15-29کے تحت ایف آئی آرنمبر62/2021میں ملوث ہے اورپولیس تھانہ کیموہ نے 520 کلوپوست کابھوسالوڈکیئریر سے برآمد کیاتھا۔اس کے بعد پولیس اسے کورٹ بلوال جیل میں نظربندکیاگیا۔دوران تفتیش، پولیس سٹیشن کیموہ نے ثابت کیا کہ ملزمان نے منشیات کی سمگلنگ سے حاصل ہونے والی آمدنی سے غیر قانونی طور پر کمائے گئے اثاثے حاصل کیے تھے جن کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 36 لاکھ روپے تھی۔ مذکورہ جائیداد، ویدو مشی پورہ میں ایک منزلہ رہائشی مکان کو پولیس کی ایک ٹیم نے شہریوں اور ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں ضبط کیا۔