شمال وجنوب حادثات میں4ہلاک،24زخمی

Mir Ajaz
5 Min Read

غلام نبی رینہ +عارف بلوچ+اشرف چراغ+عازم جان

اننت ناگ+ کنگن+ہندوارہ+بانڈی پورہ//وادی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف نوعیت کے حادثات میںخاتو ن سمیت4افرادکی جانیں چلی گئیں جبکہ 24زخمی ہوگئے۔راجواڑ ہندوارہ میں ایک مسافر بس اس وقت حادثہ کا شکار ہوگئی جب وہ بہنی پورہ کے نزدیک الٹ گئی ۔حادثہ میں سرکاری سکول کا مدرس موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ20دیگر زخمی ہوئے ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سر مرگ راجواڑ سے بدھ کی صبح کو ایک مسافر بس زیر نمبرJK02AV-1455 ہندوارہ کی طرف جارہی تھی کہ اس دوران بہنی پورہ کے مقام پر بس الٹ گئی جس میں 20مسافر شدید طور زخمی ہوئے جبکہ ایک سر کاری مدرس ارشاد احمد لون ساکن باکی آکر ہندوارہ موقع پر ہی از جان ہوا ۔حادثہ کی خبر سنتے ہی مقامی لوگو ں کی ایک بڑی تعداد جائے واردات پر پہنچ گئی اور بچائو کاروائی شروع کی ۔مقامی لوگو ں نے فوج اور پولیس کے تعاون سے خون میں لت پت زخمیو ں کو نکال کر گورنمنٹ میڈیکل کالج (ضلع ہسپتال )ہندوارہ میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا ۔بتایا جاتا ہے کہ زخمیو ں کی حالت مستحکم ہے اور علاج کے بعد ان کو رخصت کیا جائے گا ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ آیوشی سودھان اورایس پی ہندوارہ چودھری مشتاق جائے واردات پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی نے اس واقعہ کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ زخمیو ں اور مہلوک استاد کے لواحقین کو امداد دی جائے گی ۔گاندربل کے زیری پورہ کلن گنڈ میں یاترا ڈیوٹی پر تعینات آئی ٹی بی جوانوں کو لے جانے والی سول بس زیررجسٹریشن نمبر JK01N-1007 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر نالہ سندھ میں جاگری، جس کے نتیجے میں گاڑی کے ڈرائیور وسیم احمد ڈار ولد علی محمد ڈار ساکن گنستان سمبل بانڈی پورہ کو معمولی چوٹیں آئیں، جس کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اس کو مرہم پٹی لگاکر رخصت کیا گیا ۔ سلراننت ناگ کے جنگلات میں تیز بارشوں کے سبب دیودار کا ایک درخت پاس میں موجود ٹینٹ پر گر گیا جس کی وجہ سے ٹینٹ میں موجود 3 افراد شدید زخمی ہوگئے، جن میں سے بشارت احمد شاہ ولد محمد یوسف شاہ نامی شہری لقمہ اجل بن گیا جبکہ حادثہ میں مہلوک کی ماں اور بھائی شدید زخمی ہوگئے، جنہیں علاج معالجہ کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔عینی شاہدین کے مطابق مذکورہ کنبہ مال مویشیوں کے ہمراہ کئی مہینوں سے یہاں رہائش پذیر تھا۔حادثہ کی خبر پھلتے ہی علاقہ میں صف ماتم بچھ گئی۔بعد دوپہر سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں مہلوک کو سپرد لحد کیا گیا۔اس بیچ مقامی آبادی نے حکام سے پسماندہ کنبہ کو مالی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔اس دوران ضلع کولگام میں ٹائر پھٹنے سے ایک شخص کی موت واقعہ ہوگئی ۔حکام نے بتایاکہ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے دیوسر علاقے میں بدھ کے روز ایک گاڑی کی مرمت کے دوران گاڑی کا ٹائر پھٹنے سے ایک 25 سالہ نوجوان کی موت واقعہ ہو گئی۔ حکام نے بتایا کہ بوزگام کولگام کا 25سالہ امتیاز احمد نجار ایک ٹائر کی مرمت کر رہا تھا، جو اچانک پھٹ گیا، جس سے وہ زخمی ہو گیا۔اُس کوفوری طور پرنزدیکی صحت مرکز پہنچایاگیا، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اجس بانڈی پورہ میں ایک خاتون بجلی کرنٹ لگنے سے موت کی آغوش میں چلی گئی۔ اجس سوناواری کے طارق احمد کی اہلیہ ، جہاں آرا بیگم کو گھر میں بجلی کا جھٹکا لگا۔ اگرچہ خاتون کو فوری طور پر سی ایچ سی حاجن منتقل کردیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اُسے وہاںمردہ قرار دیا۔پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے ہندواڑہ کے بہنی پورہ علاقے میں پیش آئے المناک سڑک حادثے پر گہرے دُکھ اِظہار کیا جس میں ایک سرکاری اُستاد اِرشاد احمد لون کی جان چلی گئی اور کئی اَفراد زخمی ہوئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’میں ہندواڑہ میں پیش آئے المناک سڑک حادثے سے بہت غمزدہ ہوں ۔ غم کی اِس گھڑی میں میری ہمدردیاں اِرشاد احمد لون کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں جنہوں نے اِس حادثے میں اَپنی جان گنوائی۔ میں اِس حادثے میں زخمی ہوئے اَفراد کی جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے دُعاگو ہوں۔‘‘

Share This Article