عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//ملک کے پہاڑی علاقوں اور شمالی ہند میں شدید ٹھنڈ کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیر اور منگل کو اونچے پہاڑی علاقوں میں اچھی خاصی برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 6جنوری کو ہماچل پردیش کے اونچے علاقوں میں برفباری اور نچلے علاقوں میں بارش کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔پہاڑوں پر فعال ‘ویسٹرن ڈسٹربینس’ کی وجہ سے اب مغربی ہوائیں مشرق کی طرف بڑھنے والی ہیں جس سے درجہ حرارت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ‘ویسٹرن ڈسٹربینس’ کے اثر سے اتر پردیش کے مراد آباد، سنبھل، امروہا، رام پور اور بجنور ضلعوں میں بارش کے آثار ہیں۔ یوپی کے زیادہ تر حصوں میں پیر کی صبح شدید کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔قومی راجدھانی کی بات کریں تو پورے دہلی این سی آر میں سرد لہر کا زبردست اثر دیکھا جا رہا ہے۔ پیر کو شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے سردی کا ایک اور دور شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں بھی زبردست گراوٹ آسکتی ہے۔ہریانہ کے سرسا، ہسار، فتح آباد، بھیوانی، جیند، امبالہ اور کرنال ضلعوں میں بھی سردی کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پنجاب کے بھٹنڈا، برنالا، مکتسر موگا اور چنڈی گڑھ سمیت کئی ضلعوں میں گھنا کہرا اور سرد لہر کے لیے محکمہ موسمیات کے ذریعہ باخبرکیا گیا ہے۔