عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//پورے شمالی ہندوستان میں کئی مقامات پر سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ خصوصا پنجاب کی صورتحال تشویشناک ہے۔ پنجاب کے دریاں ستلج، بیاس، راوی اور گھگر میں پانی کی سطح بلند ہے، یہ دریا خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے پنجاب میں افراتفری ہے۔اس کی وجہ سے پنجاب کے ایک ہزار سے زائد دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ صورتحال بہت خراب ہے، ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے وابستہ لوگ جنگی بنیادوں پر مصروف ہیں۔ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔پنجاب کے بارہ اضلاع سیلاب سے بری طرح متاثر ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے اب تک 30 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ اس سے تقریبا 15 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور اب تک تقریبا 3 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ سیلاب سے پنجاب کی زراعت بھی متاثر ہوئی ہے۔ تقریبا 3 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی متاثر ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے دھان، کپاس اور مکئی کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔محکمہ موسمیات نے پنجاب میں بارش کیلئے ریڈ ایلرٹ جاری کر دیا ہے یعنی تیز بارش کا امکان ہے۔