سمت بھارگو
راجوری//شمالی کمان کے آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے ہفتہ کو ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے بھمبر گلی (بی جی) بریگیڈ کے علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فوج کی آپریشنل تیاری، مؤثر جوابی کارروائی کے نظام اور مکمل علاقائی کنٹرول کو یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔یہ تین دنوں میں راجوری اور پونچھ کے علاقوں میں لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما کا دوسرا دورہ ہے۔اس تازہ دورے کے دوران، آرمی کمانڈر کے ہمراہ وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا اور ایس آف اسپیڈز ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل کاوشک مکھرجی بھی موجود تھے۔گزشتہ ماہ، بی جی بریگیڈ کے زیر نگرانی علاقوں میں بھارتی فوج نے بھاری اسلحے سے لیس دہشت گردوں کی تین بڑی دراندازی کی کوششیں ناکام بنائیں، جن میں دو کوششیں کیری سیکٹر اور ایک ترکنڈی میں کی گئیں۔ ترکنڈی میں ایک دراندازی معاون گائیڈ کو بھی فوج اور بی ایس ایف نے مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا۔فوج کے مطابق اس دورے کا مقصد موجودہ آپریشنل حالات کا معائنہ کرنا اور یہ یقینی بنانا تھا کہ خطرے کے جواب اور مکمل آپریشنل تسلط کے لئے تمام انتظامات مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں۔دورے کے دوران آرمی کمانڈر نے تمام افسران و جوانوں سے بات چیت کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور بدلتے حالات کے تناظر میں اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور ہمہ وقت آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی تاکید کی۔