عظمیٰ نیوزسروس
جموں //کشتواڑ کے چسوتی میں بادل پھٹ جانے کے واقعہ کے بعد امدادی کارورائیو ں میں پیش پیش رہنے پر شمالی کمان کے فوجی سربراہ لیفٹنٹ جنرل پراتیک شرما نے فوجی اہلکاروں کی تعریف کی ۔فوجی کمانڈر نے جمعرات کو کشتواڑ اور راجوری اضلاع کا دورہ کیا۔شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل پراتیک شرما نے راجوری اور کشتواڑ میں فوجیوں کو ان کی لچکدار کارروائی کے ساتھ ساتھ چشوتی سانحہ کے دوران ایچ اے ڈی آر کی کوششوں کو تیزی سے اور کامیاب انجام دینے کے لئے داد دینے کے لئے اندرونی علاقوں اور یونٹوں کا دورہ کیا۔خیال رہے کہ 14اگست کومچیل ماتا مندر جانے والے آخری موٹر ایبل گاؤں چسوتی میں بادل پھٹنے سے 65افراد ہلاک اور 33لاپتہ ہو گئے۔فوج نے چسوتی میں تلاشی، بچاؤ اور ریلیف آپریشن کے لیے مشینوں کے ساتھ 300سے زیادہ فوجیوں کو شامل کیا۔فوج کے انجینئروں نے اتوار کو چسوتی نالے پر ایک بیلی پل بنایا، جس سے گاؤں اور مچیل ماتا مندر سے انتہائی ضروری رابطہ بحال ہوا۔ فوج نے بچاؤ اور ریلیف آپریشن کو تیز کرنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر آل ٹیرین گاڑیوں کے ایک جوڑے کو بھی شامل کیا ہے۔