عظمیٰ نیوزسروس
جموں //ادھم پور میں مقیم شمالی کمان کے فوجی کمانڈر لیفٹنٹ جنرل پرتیک شرما نے جموں خطے کے ڈوڈہ ، رام بن اور کشتواڑ اضلاع کا دورہ کرکے وہاں سیکورٹی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ دورے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے شمالی کمان نے ایکس پر لکھا’’لیفٹنٹ جنرل پراتیک شرما آرمی کمانڈر شمالی کمان نے ڈوڈہ ، کشتواڑ ، اور رام بن کے علاقوں میں آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے علاقوں کا دورہ کیا ‘‘ ۔ انہوں نے مزید لکھا ’’جنرل شرما نے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے علاقوں کا دورہ کیا‘‘۔ آرمی کمانڈر نے فوجیوں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور مشکل حالات میں آپریشنل تاثیر کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے میں ان کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔شمالی کمان نے دور دراز کے فرنٹ لائن علاقوں میں تعینات فوجیوں کو ناگوار خطوں کے باوجود جنگی تیاری کے بہترین معیار کیلئے مبارکباد دی اور ان پر زور دیا کہ وہ بہترین کارکردگی کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔تینوں اضلاع میں فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں کی مشترکہ ٹیموں کی طرف سے ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے خطے میں سرگرم دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے کئی آپریشنز جاری ہیں۔